• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب: دھند کے باعث حادثات، 7 زخمی

پنجاب کے اکثر  علاقے  شدید دُھند کی لپیٹ میں ہیں


پنجاب اور سندھ کے اکثر شہر آج بھی دھند کی لپیٹ میں ہیں، پنجاب میں دھند کے باعث پیش آنے والے 2 ٹریفک حادثات میں 7 افراد زخمی ہو گئے۔

پنجاب کے اکثر میدانی علاقے دُھند کی لپیٹ میں ہیں، پنجاب کے شہر وہاڑی میں دھند کے باعث 4 گاڑیاں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ادھر چیچہ وطنی میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں 2 مسافر زخمی ہوئے، جنہیں اسپتال منتقل کر کے طبی امداد دی گئی۔

لاہور اور اس کے اردگرد کے علاقوں میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے۔

سرگودھا میں شدید سردی کے ساتھ ساتھ دھند کا راج قائم ہے، دھند کی وجہ سے جہاں ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے وہیں کاروبارِ زندگی بھی متاثر ہے۔

ٹھوکر نیاز بیگ، چوہنگ، موہلنوال، مراکہ، مانگا منڈی، چیچہ وطنی، میاں چنوں، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، ہڑپہ، خانیوال، ملتان، بستی ملوک، لودھراں، حبیب آباد، رینالہ، گیمبر، میر داد مافی، پھول نگر، کسووال، بہاولپور، احمد پور شرقیہ، ترنڈہ محمد پناہ، رحیم یار خان، صادق آباد میں بھی شدید دھند کا راج ہے۔

لاہور میں شدید دھند کی وجہ سے حدِ نگاہ کم ہو کر 300میٹر جبکہ لاہور ائیرپورٹ پر 30میٹر ریکارڈ کی گئی۔

دھند کے باعث قصور میں حدِ نگاہ 400 میٹر، سیالکوٹ میں 500 میٹر، گجرات میں 320 میٹر، شیخو پورہ میں 350 میٹر ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیئے: چیچہ وطنی میں دھند سے 2 حادثات، 4 افراد زخمی

موٹروے پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث موٹر وے ایم تھری لاہور سے عبد الحکیم تک، گوجرہ سے فیصل آباد تک، ملتان تا خانیوال، ملتان موٹروے ایم فور شام کوٹ سے شور کوٹ تک، لاہور ملتان موٹروے، عبد الحکیم سے شور کوٹ تک بند ہے۔

موٹروے پولیس کا مزید کہنا ہے کہ جی ٹی روڈ پر کالا شاہ کاکو سے حسن ابدال تک شدید دھند ہے جس کی وجہ سے قومی شاہراہ پر حدِ نگاہ 10 میٹر تک ہو گئی ہے۔

موٹروے پولیس نے موٹر وے سمیت مختلف سڑکوں پر سفر کرنے والے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔

تازہ ترین