• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی سرکار خطرناک کھیل کھیل رہی ہے: شاہ محمود

مودی سرکار کی وجہ سے پورے خطے کا امن متاثر ہو رہا ہے، شاہ محمود قریشی 


وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مودی سرکار خطرناک کھیل کھیل رہی ہے، جس سے پورے خطے کا امن متاثر ہو رہا ہے۔

جاری کیے گئے ایک بیان میں وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کی گزشتہ روز کی اشتعال انگیزی کا سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی 10 سے زائد ریاستوں میں امتیازی قانون کے خلاف پوری بھارتی اپوزیشن، تمام اقلیتیں، بالخصوص مسلمان سراپائے احتجاج ہیں۔

وزیرِ خارجہ نے کہا کہ موجودہ صورتِ حال سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت کوئی فالس فلیگ آپریشن بھی کر سکتا ہے، اس نے ایسی حرکت کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائےگا، دنیا کو نوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 4 ماہ سے مسلسل کرفیو نافذ ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتِ حال کے حوالے سے 2 روز قبل میں نے ویڈیو پیغام کے ذریعے اپنی رائے اور تشویش کا اظہار کیا تھا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں نے 2 روز قبل بھی بھارت کو متنبہ کیا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن اگر بھارت نے کوئی ایسی حرکت کی تو اسے مناسب اور بھرپور جواب ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے 12 دسمبر کو میں نے سلامتی کونسل کے صدر کو ایک نیا خط لکھا تھا جس میں، میں نے اپنے تحفظات اور ممکنہ خطرات سے انہیں آگاہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیئے: ساری دنیا نے متنازع بھارتی قانون مسترد کردیا، شاہ محمود

وزیر خارجہ نے کہا کہ اس وقت امتیازی قانون citizens Amended ایکٹ 2019ء کے خلاف 10 سے زیادہ ہندوستان کی ریاستوں میں شدید احتجاج ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کو آج 139 دن ہو چکے ہیں، لائن آف کنٹرول پر بھارت کی طرف سے اشتعال انگیزیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ کل جو بھارت نے اشتعال انگیزی کی اس پر ہماری فورسز نے اس کا الحمدللّٰہ بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا ہے جس میں ان کی ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں اور ان کی چوکیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

تازہ ترین