بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ پاکستان کے خلاف پہلے مرحلے میں ٹی ٹوئنٹی میچز اور اُس کے بعد ٹیسٹ کھیلنے پر بضد ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بی سی بی نے بدھ کو لکھے جانے والے خط کا تاحال جواب نہیں دیا۔
سری لنکا کرکٹ ٹیم پاکستان میں تاریخی ٹیسٹ سیریز کھیل کر وطن واپس جا چکی ہے، لیکن بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی ناں، ہاں میں نہیں بدلی۔ آج بھی پہلے ٹی ٹوئنٹی میچز اور بعد میں ٹیسٹ میچز کھیلنے کی ضد پر قائم ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ’’بنگلہ دیش ثابت کرے کہ پاکستان محفوظ ملک نہیں‘‘
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بدھ کو بنگلہ دیش بورڈ کو ایک سخت خط لکھا اور پوچھا کہ ٹیسٹ میچز نہ کھیلنے کی کوئی خاص وجہ بتائی جائے۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے خط کا جواب تو نہ دیا لیکن ڈھاکا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہو ئے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چوہدری نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ مکمل دورہ کیا جائے لیکن ہمیں اپنے کھلاڑیوں کے حوالے سے فیصلہ کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ٹیم پاکستان کا سری لنکن کھلاڑیوں کا شکریہ
انہوں نے کہا کہ ہم پہلے پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنا چاہتے ہیں تاکہ پاکستان کی صورت حال کا اندازہ ہو سکے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ خط کا جواب دیا گیا ہے نہ رابطہ کیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے جواب کے بعد اپنا ردعمل دیں گے۔
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا جنوری میں پاکستان کا دورہ شیڈول ہے جس میں تین ٹی ٹوئنٹی اور دو ٹیسٹ میچز شامل ہیں۔ ٹیسٹ میچز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ کا حصہ ہیں۔