• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں نئے سال 2020 کا آغاز ہوگیا ہے، نئے سال کے استقبال کے لیے مختلف شہروں میں آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔


دنیا کے مشرقی ممالک کی طرح پاکستان میں بھی 21ویں صدی کی دوسری دہائی کا اختتام ہوگیا جبکہ نئی دہائی کے آغاز پر جشن منایا گیا۔

نئے سال کے موقع پر بحریہ ٹاؤن کراچی اور پورٹ گرینڈ پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

پاکستان میں تلخ و شیریں یادوں کو اپنے دامن میں سمیٹ کر 2019ء اختتام پذیر ہوگیا۔

آج ڈھلتے سورج نے اہل پاکستان کو نئی امید اور نئی صبح کا پیغام دیا کہ جو بیت گیا، اسے بھول جائیں اور نئے سال میں نئے حوصلے سے جائیں۔

پاکستان بھر کے مختلف شہروں کے تفریحی مقامات پر آتش بازی کے مظاہرے کیے جارہے ہیں جبکہ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان بالاخصوص سندھ کے عوام کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے سندھ انظامیہ کو سی ویو پر کنٹینرز لگانے سے سختی سے منع کر دیا تھا۔

انہوں نے نئے سال کے موقع کمشنر کرا چی اور پولیس چیف کو ہدایت جاری کی ہے کہ عوام کو کسی طریقے سے بھی تنگ نہیں کیا جائے جبکہ عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سال نو پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کا حکم دے دیا تھا۔

عیسویں کلینڈر کے نئے سال 2020 کا آغاز ہوگیا ہے اور نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سمیت مشرقی حصے میں واقع ممالک و جزائر میں سال 2020 شروع ہوگیا۔

نئے سال 2020 کا آغاز نیوزی لینڈ سے ہوا، آکلینڈ کے اسکائی ٹاور کے گرد آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

لوگوں کی بڑی تعداد اسکائی ٹاور کے گرد جمع ہوگئی، نئے سال کی آمد پر خوب ہلہ گلہ اور شور شرابہ کیا گیا۔

بعدازاں نیوزی لینڈ کے بعد نئے سال کا آغاز آسٹریلیا میں بھی ہوچکا ہے، سڈنی ہاربر برج اور اوپیرا ہاؤس پر سال نو کی آمد پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

جاپانی دارالحکومت ٹوکیو، چینی دارالحکومت بیجنگ، ہانگ کانگ سمیت دیگر شہروں میں بھی سال نو کو خوش آمدید کہا گیا اور آتش بازی کے شاندار مظاہرے کیے گئے۔

تازہ ترین