• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان: حضرت شاہ رکنِ عالم ؒ کے 706 ویں عرس کا آغاز


سلسلہ سہروردیہ کے روحانی پیشوا حضرت شاہ رکن الدین عالم رحمتہ اللّٰہ علیہ کے 706 ویں سالانہ عرس کی 3 روزہ تقریبات کا آغاز آج (یکم جنوری) سے ملتان میں ہو رہا ہے۔

حضرت شیخ ابو الفتح المعروف شاہ رکن الدین عالم سہروری جنہیں بچپن میں ’شاہ جلولہ‘ کے نام سے پکارا جاتا تھا، 9 رمضان المبارک 1251ء میں پیدا ہوئے۔

آپ ؒحضرت بہاؤ الدین زکریا رحمتہ اللّٰہ علیہ کے پوتے تھے، آپؒ کا تعلق قریش کے معزز قبیلے سے تھا جو مکہ معظمہ سے ہجرت کر کے ملتان آباد ہوا۔

رکن دین عالم آپؒ کا لقب تھا جو آپ کو خواجہ شمس الدین تبریزی ؒ نے بچپن میں ہی عطا کر دیا تھا۔

شاہ رکنِ عالمؒ سلسلہ سہروردیہ کی وہ عظیم المرتبت شخصیت ہیں جن کی خدمات سے برصغیر ہی نہیں بلکہ پورا جنوبی ایشیاء نورِ اسلام سے جگمگا اٹھا۔

حضرت شاہ رکن الدین عالمؒ نے ابتدائی تعلیم اپنے والد، روحانی تربیت دادا سے جبکہ دینی تعلیم والدہ سے حاصل کی۔

انہوں نے بچپن سے ہی فروغِ علم، اشاعتِ اسلام اور تبلیغِ دین کے لیے کام کیا، جنوبی ایشیاء کے کئی ممالک میں قرآن پاک کی تعلیم میں تفسیر، فقہ اور احادیث کی درس گاہیں قائم کیں۔

یہ بھی پڑھیئے: شاہ رکن عالم کا عرس، شاہ محمود قریشی دعا کرائیں گے

حضرت شاہ رکن عالم ؒ کا وصال 7 جمادی الاول 1335ء کو 84 برس کی عمر میں ہوا۔

706 سال گزرنے کے باوجود آپؒ کی تعلیمات آج بھی اتحاد و یکجہتی اور امن کا وہ درس دیتی ہیں جس سے رہتی دنیا تک انکار نہیں کیا جا سکتا۔

تازہ ترین