لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس، جسٹس مامون الرشید شیخ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ان سے حلف لیا۔
نئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ پہنچے تو انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
گورنر ہاؤس لاہور میں لاہور ہائی کورٹ کے 49 ویں چیف جسٹس کی حلف برداری کی سادہ مگر پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریبِ حلف برداری میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی، وزیرِ قانون پنجاب راجہ بشارت سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات، ججز صاحبان اور سینئر وکلاء نے شرکت کی۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جسٹس مامون الرشید شیخ سے لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس کا حلف لیا۔
یہ بھی پڑھیئے: جسٹس مامون نئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ ہوں گے
وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جسٹس مامون الرشید شیخ کو مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
نئے چیف جسٹس بعد میں لاہور ہائی کورٹ پہنچے تو عدالتی عملے نے ان کا استقبال کیا، ہائی کورٹ کی سیکیورٹی پر مامور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی دی۔