کوئٹہ ( نمائندہ جنگ) پسنی کےقریب سیاحتی جزیرہ استولہ میں وکلاء سمیت پھنسےہوئے پندرہ سیاح بحفاظت واپس آ گئےیہ افراد جزیرے پر نئے سال کا جشن منانےگئے تھے،سمندر کی لہریں بلندہونے کی وجہ سے یہ افراد دو روز سے جزیرے پر پھنسے ہوئے تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرگوادر انیس گورگیج نے بتایا کہ چند و کلاسمیت پندرہ سےزائدافراد کے اہل خانہ نے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا اور بتایا کہ ان کے رشتہ دار پسنی سے تقریبا چالیس کلومیٹر دور سمندری جزیرہ استولہ میں 30 دسمبر کو نیو ائیر کی تقریبات منانے گئے تھے مگر سمندری صورتحال کےباعث جزیرے سے واپس پسنی نہیں پہنچ سکے ہیں انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سےان افراد کو واپس لانے کیلئے ریسکیو کا عمل شروع ہی کیا گیا تھا کہ یہ افراد پسنی کے ساحل پر پہنچ گئے انہوں نے بتایا کہ استولہ پرجانےکےلئےان افراد نے این اوسی نہیں لیا تھا ۔