قونصل جنرل آف پاکستان دبئی احمد امجد علی نے جب سے چارج سنبھالا ہے، سفارتی ذمے داریوں کے ساتھ ساتھ ان کا کمیونٹی اور صحافی برادری کے ساتھ بھی مسلسل رابطہ ہے۔ صحافیوں سے مل کر کمیونٹی کے مسائل اور مشکلات کو ہر ممکن حل کرنے کی کوشش میں رہتےہیں۔ گزشتہ روز انہوں نے پاکستان جرنلسٹس فورم کے عہدے داران اورممبران کو مدعو کیا۔ اس موقعے پر ہیڈ آف چانسری گیان چند ، سید مصور عباس اور پریس قونصلر عاشق حسین شیخ بھی موجود تھے۔
جرنلسٹس فورم کی قیادت صدر فورم اشفاق احمد،جنرل سیکرٹری حافظ زاہد علی،سینئر نائب صدر طاہر منیر طاہر،سبط عارف ، ارشد انجم، خالد محمدو گوندل، احمد قریشی، زمرد بونیری،عارف شاہد، راجہ اسد ،اشفاق احمد، عاصمہ علی زین اور سعدیہ عباسی نے کی۔ پی جے ایف کے صدر اشفاق احمد نے قونصل جنرل کو بتایا کہ ہمارا فورم قانونی طور پر دبئی ایسوسی ایشن کا ونگ ہے۔ ہمارے ممبران اپنے اداروں کے لیے خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
پاکستانی صحافی متحدہ عرب امارات میں رہ کر پاکستان کا مثبت امیج پیش کر رہے ہیں،جب کہ اپنے قلم کے ذریعے مثبت صحافت کو ساتھ لے کر متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مضبوط سے مضبوط بنانے میں اپنا رول ادا کر رہے ہیں، یہاں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو اجاگر کر رہے ہیں۔
قونصل جنرل احمد امجد علی نے کہا کہ قونصلیٹ نادرن امارات میں مقیم پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہا ہے مسائل کے حل کے لیے اسٹاف کو پابندی وقت پر زوردیا گیا ہے۔ عملہ ہر وقت مستعد ہے۔ دوردراز ریاستوں میں مقیم پاکستانیوں کو قونصلیٹ کی سروسز ان کے دروازے پر مہیاکی جا رہی ہیں۔ صحافیوں کے ساتھ ملاقات میں انہیں مسائل سے آگاہی ہوتی ہے جس سے کمیونٹی کے مسائل حل ہوتے ہیں۔
آن لائن سروس سے مشکلات میں کمی آئی ہے۔ میں نےمختصر وقت میں متعدد نمائشوں اور وفود کو پاکستان سے مدعو کر کے پاکستان سے تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ امارات سے پاکستانی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔ میری پوری کوشش ہے کہ پاکستان سے تجارتی تعلقات مزید بہتر ہوں ،میں نے قونصلیٹ سے ایجنٹوں کو ختم کر دیا ہے۔ ہمارے ہم وطن خود آئیں ان کے قانونی کام فوراً حل کئے جائیں گے ۔ قونصلیٹ کا ویلفیئر سیکشن بھی مدد گاروں کی ہر ممکن مدد کر رہا ہے۔
جیلوں کے دورے کر کے قیدیوں کو قانونی مدد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ آپ صحافیوں کا فرض ہے کہ پاکستانیوں کے مسائل اور مشکلات اجاگر کریں، ہم حل کریں گے ۔ پی جے ایف کے صدر اشفاق احمد نے کہا ہم قونصل جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ملاقات کے لیےہر وقت حاضر رہتے ہیں۔ صدر اشفاق احمد ،حافظ زاہد علی، طاہر منیر طاہر نے یو اے ای کے قومی دن کے حوالے سے خوب صورت مفلر اور جذبہ خیر سگالی کے تحت تحائف بھی پیش کیے گئے۔
احمد امجد علی نےکہا کہ امارات میں کچھ مفاد پرست لوگ اور نام نہاد ادارے سادہ لوح پاکستانیوں کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ ایسے لوگوں اور اداروں کی سرکوبی کے لیے حکومت کو خط لکھ دیا گیا ہے، آپ کو بھی ایسے لوگوں کا پتہ ہوتو قونصلیٹ کو مطلع کریں تاکہ ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ ملاقات میں صحافیوں کی فلاح و بہبود کے سلسلہ میں بھی بات ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ ضروری اقدامات کے ساتھ ساتھ صحافیوں کو انشورنس اندرون و بیرون ملک سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
قونصل جنرل نے مزید بتایا کہ بہت جلدی دبئی کے شیخ راشد پاکستانی اسکول میں ملٹی پرپز ہال، گرائونڈ اور بچوں کے لیےدیگر سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2019ء میں پاکستانی کمیونٹی کو دبئی اور دیگر ریاستوں میں جو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور مختلف شعبوں میں جو کام کئے ہیں ان کی تفصیلات میڈیا کو فراہم کریں گے ۔