مشرف خان ، امریکا
نیو یارک میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی بارہویں برسی کی مناسبت سے تقریب کا انعقادکیا گیا۔ کوئین نیو یارک کے مقامی ریسٹورنٹ ٹیسٹ آف لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی یو ایس اے کے زیر اہتمام بے نظیر بھٹو شہید کی برسی پر امریکا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں پاکستانی اور امریکن سیاسی قائدین ، صحافیوں ، پاکستانی امریکن کاروباری شخصیات ، پی پی پی یو ایس اے کے قائدین اور ورکروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کی صدارت سینئر راہنما پی پی پی یو ایس اے محمد خالد اعوان نے کی جبکہ مہمان خصوصی چوہدری بدرالدین سابق صوبائی وزیر صحت اور نرگس اعوان دو دفعہ صوبائی وزیر ، تقریب کے میزبان سینئر راہنما پی پی پی یو ایس اے میاں بشارت اور محمد سلیمان بٹ تھے۔
ملک وزیر اعوان سابق رکن صوبائی اسمبلی ، ڈاکٹر عُظمی آفیشل اقوام متحدہ جبکہ کی نوٹ اسپیکر صحافی خشنود علی خان تھے،اس موقعے پر جیالوں کی بڑی تعدادموجود تھی۔ محمد خالد اعوان نے اپنےخطاب میں کہا کہ بھٹو خاندان کی پاکستان کے لئے قربانیاں تاریخ کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید سکیورٹی خدشات کے باوجود ملک و قوم کی خاطر واپس آئیں۔ محترمہ بے نظیر بھٹو جرأت مند،بے خوف اور نڈر سیاسی رہنما تھیں۔ ملک و قوم اور جمہوریت کی خاطر بڑی سے بڑی قربانی دینے کو تیار رہتی تھیں۔
امریکن مہمانوں میں ایراق ایڈم بروکلین بورو پریزیڈنٹ اور مستقبل کے مئیر نیو یارک کے کینیڈیٹ ، ہایرم اسمبلی مین، ٹونی مئرینڈا کینیڈیٹ کوئین بورو پریزیڈینٹ اور مسڑ ہانگ مستقبل کے سول جج نے اپنے خطاب میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔انہوں نے کہا وہ صرف پاکستان کی ہی نہیں بلکہ دنیا کی عظیم لیڈر تھیں۔
دیگر مقررین میں مہمان خصوصی چوہدری بدرالدین سابق صوبائی وزیر صحت ،سید لطیف ڈالمیا ، ظفر چٹھہ، سلیمان ظفر، راجہ اصد پرویز، سیمی اصد، شوکت بھٹہ، مرزا اشتیاق بیگ، صلاح دین ، وحید خان، ڈاکٹر فخر الدین، راجہ امتیاز، راجہ مختار،مشتاق خان، انصر، جاوید، اعجاز بھٹی، کاشف سندھو اور دیگرشامل تھے۔
مقررین نے اپنے خطاب میں شہید بے نظیر بھٹو کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر شہید محترمہ بے نظیر کے لیے دعائے مغفرت ادا کی گئی۔