• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

امریکا میں طوطے نے پولیس کی دوڑیں لگوادیں

امریکا میں طوطے نے پولیس کی دوڑیں لگوادیں


طوطے انسان کی طرح بولنے کی مہارت رکھتے ہیں اور طوطے پالنے کے شوقین افراد یہ جانتے ہیں کہ اگر ان کے ساتھ تھوڑی محنت کی جائے تو وہ صورتحال کے مطابق چند الفاظ ادا کرنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔

ان پرندوں کے بولنے کی اس مہارت کی وجہ سے پولیس نے ایک گھر پر چھاپہ مار دیا اور اس گھر کا مالک یہ جان کر پہلے تو حیران ہوا پھر انہیں اپنی بے گناہی کا ثبوت پیش کیا تو پولیس والے بھی ہنسنے پر مجبور ہوگئے۔

امریکی ریاست فلوریڈ کے علاقے لیک ورتھ بیچ پر واقع ایک گھر میں موجود خاتون نے پولیس کو فون کرکے بتایا کہ ان کے پڑوس میں ایک خاتون مدد کے لیے پکار رہی ہے، شاید وہ کسی پریشانی میں ہے۔

فلوریڈا پولیس کے 4 افسران موقع پر پہنچ گئے، اور انہوں نے گھر کے باہر گاڑی ٹھیک کرنے والے شخص سے پوچھا کہ اس کے گھر میں کون ہے؟

گھر کا مالک پولیس افسران کو دیکھ کر حیران ہی ہورہا تھا کہ پولیس افسر نے اس سے کہا کہ انہیں پڑوس سے ایک فون کال موصول ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ایک خاتون آپ کے گھر کے اندر موجود ہے جو ’مجھے باہر نکالو‘ پکار رہی ہے۔

پولیس افسران کی بات سنتے ہی وہ شخص سمجھ گیا اور گھر کے اندر موجود اپنے طوطے کو باہر لے آیا۔

طوطے کے مالک نے پولیس کو بتایا کہ یہ آواز ان کے ریمبو (طوطے کا نام) کی ہے، میں اس وقت اپنی اہلیہ کی کار کے بریک ٹھیک کر رہا تھا تو ایسے میں یہ طوطا گھر کے اندر موجود تھا اور خود کو باہر نکالنے کی آوازیں لگا رہا تھا۔

مالک کی یہ بات اور طوطے کی پکار کو سن کر اس کا مالک اور پولیس والے ہنستے رہے اور پھر اہلکار واپس چلے گئے۔

بعدازاں طوطے کے مالک نے اسے اپنی پڑوسن کو بھی دکھایا جسے سن کر وہ بھی ہنس پڑیں اور پولیس کو کال کرنے پر اس شخص سے معذرت بھی کی۔

تازہ ترین
تازہ ترین