قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیرِ قانون پنجاب رانا ثناء اللّٰہ کو 3 فروری کو دوبارہ طلب کر لیا۔
قومی احتساب بیورو نے اثاثہ جات کیس میں رانا ثناء اللّٰہ سے ان کی جائیداد کی مکمل تفصیلات طلب کر رکھی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نیب نے ہدایت کی ہے کہ رانا ثناء اللّٰہ 3 فروری کو زمینوں اور فارم ہاؤس کی دستاویزات لے کر نیب کے آفس میں پیش ہوں۔
یہ بھی پڑھیئے: رانا ثناء کی شہریار آفریدی کو دھمکی دینے کی ترید
ذرائع کا کہنا ہے کہ 3 فروری کو نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم رانا ثناء اللّٰہ سے تحقیقات کرے گی، ان کے خلاف نیب کو اہم ثبوت بھی مل گئے ہیں۔
واضح رہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے رانا ثناء اللّٰہ کو گزشتہ برس یکم جولائی کو موٹر وے پر ناکہ لگا کر گرفتار کیا تھا اور ان پرمنشیات کی برآمدگی کا الزام عائد کیا تھا۔
رانا ثناء اللّٰہ کے خلاف سی این ایس اے 1997ء کی دفعات 9 سی، 15 اور 17 کے تحت کیس درج کیا گیا تھا۔
نون لیگی رہنما لاہور ہائی کورٹ سے 24 دسمبر کو ضمانت منظور ہونے پر رہا ہوئے تھے، وہ اس کیس میں تقریباً 6 ماہ جیل میں قید رہے۔