• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوکراچی گاڑی میں جلنے والے9میں سے8کی تدفین کردی گئی

نیوکراچی گاڑی میں جلنے والے9میں سے8کی تدفین کردی گئی


نیو کراچی پاور ہاؤس چورنگی کے قریب گزشتہ روز وین میں آتشزدگی سے جاں بحق ہونے والے 9 میں سے 8 افراد کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد تدفین کردی گئی جبکہ واقعے میں زخمی بچی بھی این آئی سی ایچ میں دم توڑ گئی۔

چھ افراد کو سرجانی ٹاون کے قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا جبکہ دو کی تدفین نیو کراچی اور ضیا کالونی میں کی گئی، نماز جنازہ میں عزیز و اقارت اور اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

جاں بحق افراد کو سسکیوں اور آہوں میں سپرد خاک کردیا گیا۔

شادی میں جانے والے تین بھائیوں کے خاندان پر قیامت گزر گئی، پاور ہاؤس کے نزدیک وین کے اندر دھماکے میں 9 افرادجھلس کرجاں بحق ہو گئے، وین میں گیارہ افراد سوار تھے، چلتی گاڑی میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔

یہ بھی پڑھیے:  آتشزدگی کی شکار گاڑی کے ڈرائیور کا بیان ریکارڈ

ہائی روف کے ڈرائیور نے گاڑی میں پیٹرول کی بوتل ہونے کا اعتراف کرلیا لیکن کہا کہ آگ کیسے لگی نہیں معلوم گاڑی میں آگ لگتے ہی دروازے جام ہوگئے۔

دوسری جانب سول اسپتال برنس سینٹر میں زیر علاج جمال اور ناصر کے حوالے سے انچارج برنس سینٹر ڈاکٹر احمر کا کہنا تھا کہ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہےاور دونوں 30 اور 85 فیصد زخمی ہیں۔

واقعہ کا مقدمہ زخمیوں کا بیان ریکارڈ نہ ہونے کے باعث تاحال درج نہیں کیا جاسکا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ میں دہشت گردی کے شواہد نہیں ملے، واقعہ شارٹ سرکٹ کا نتیجہ ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اگر زخمیوں کا بیان ریکارڈ نہ ہوسکا تو سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔

جھلسی ہوئی گاڑی اور رکشہ کو نیو کراچی بلال کالونی تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔

وین کا زخمی ہونے والا ڈرائیور الیاس بھی زخمی حالت میں منظر عام پر آگیا ہے۔

الیاس نے جیو نیوز کو بتایا کہ آگ سے وہ بھی جھلس گیا تھا اور اسے ایمبولینس ڈرائیور نے نیو کراچی سرکاری اسپتال منتقل کردیا تھا، وہ ساری رات اسپتال میں رہا۔

واقعہ کے بارے میں الیاس نے بتایا کہ چلتی گاڑی میں آگ لگی، گاڑی میں ایک بندہ سگریٹ نوشی کررہا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ اہلخانہ چاہیں تو ڈرائیور کے خلاف کارروائی کا کہہ سکتے ہیں، معاملے میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

تازہ ترین