• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بی آر ٹی منصوبہ، پشاور کے ٹرانسپورٹروں نے احتجاج کا اعلان کردیا

پشاور (نمائندہ جنگ) پشاور کے ٹرانسپورٹروں نے بی آر ٹی منصوبہ پر کام کے آغاز سے قبل حکومت کی جانب سے ان کے ساتھ کئے گئے وعدوں پر عدم عملدرآمد کی صورت میں شدید احتجاج کرنے کا اعلان کردیا ہے اور اپنی گاڑیاں نذر آتش کرنے اور اجتماعی خود سوز یاں کرنے کی بھی دھمکی دے ڈالی ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ اونر ایسوسی ایشن کے صدر خان زمان آفریدی، مزدا ایسوسی ایشن لوکل ٹرانسپورٹ کے صدر فیاض خان خلیل اور متحدہ ٹرانسپورٹ اونر فیڈریشن کے صدر نور محمد مہمند نے کہا ہے کہ بی آر ٹی منصوبہ سے قبل سابق حکومت نے ٹرانسپورٹروں سے وعدہ کیا تھا کہ اس منصوبے کی تکمیل ہوتے ہی حکومت تمام پبلک ٹرانسپورٹروں سے پرانی ماڈل کی گاڑیاں خریدے گی اور نئی گاڑیوں کی خریداری میں ان کے ساتھ مالی معاونت کریگی، اس کے علاوہ انہیں بی آر ٹی کی ملازمتوں میں ترجیح دے گی۔ انہوں نےکہا کہ اس سلسلے میں سابق اور موجودہ وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد خان، سابق چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور اس منصوبے کے لئے مقررہ چیئرمین نے کئی ملاقاتوں میں یہ وعدے کئے تھے اور ہر قسم کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن اب اپنے وعدوں سے حکومت مکر رہی ہے جس پر تمام پبلک ٹرانسپورٹرز تنظیموں کے شدید تحفظات ہیں ۔
تازہ ترین