وزیرِ اعظم عمران خان آزاد کشمیر کے درالحکومت مظفر آباد تو پہنچے مگر وادیٔ نیلم میں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقے کا دورہ نہ کر سکے۔
خراب موسم کے باعث وزیرِ اعظم عمران خان وادیٔ نیلم میں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقے کا دورہ نہ کر سکے۔
اس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان برف باری سےمتاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے لیے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد پہنچے۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم عمران خان کو برف باری سے ہونے والے نقصانات اور ریسکیو ریلیف آپریشن پر بریفنگ دی گئی۔
سی ایم ایچ مظفرآباد میں وزیرِ اعظم عمران خان نے برفانی تودے کی زد میں آکر زخمی ہونے والوں کی عیادت کی اور متاثرین سے ملاقات بھی کی۔
یہ بھی پڑھیئے: وزیرِ اعظم آج آزاد کشمیر جائیں گے: فردوس عاشق
ادھر آزاد کشمیر کی وادیٔ نیلم میں برفانی تودے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 73 ہوگئی ہے، متعدد افراد کے اب بھی ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
تودہ گرنے سے 22 دکانیں اور 91 مکان مکمل تباہ ہو گئے، 107 کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔
پاک فوج اور سول انتظامیہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں، جبکہ ریاستِ آزاد کشمیر کی حکومت نے فوجی ہیلی کاپٹرز سے امدادی سامان متاثرہ علاقے میں پہنچا دیا ہے۔
اس سےقبل وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹر کے ذریعے یہ بتایا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان آزاد کشمیر کے دورے پر روانہ ہوئے ہیں جہاں وہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے اور امدادی کاموں کا جائزہ بھی لیں گے۔