• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم آج آزاد کشمیر جائیں گے: فردوس عاشق

وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ وزیرِ اعظم برف باری سے پیش آئے حادثات میں ہلاکتوں کی وجہ سے مصروفیات ترک کر کے آج آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے۔

یہ بھی دیکھئے:بارشوں اور برف باری سے تباہی، ہلاکتیں100 سے بڑھ گئیں


سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آزاد کشمیر اور بلوچستان میں برف باری سے حادثات پر ہلاکتوں پر بے حد رنج و غم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنی تمام تر مصروفیات ایک طرف رکھتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان آج آزاد جموں و کشمیر جائیں گے اور تازہ ترین صورتِ حال کا خود جائزہ لیں گے۔

یہ بھی پڑھیئے: برفباری سے ہلاکتیں، آرمی چیف کا اظہارِ افسوس

فردوس عاشق نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان وہاں زخمیوں کی عیادت بھی کریں گے، آزمائش کی اس گھڑی میں ہم سب اپنے ہم وطنوں کے ساتھ ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں برفانی تودا گرنے کے بعد کی صورتِ حال کا وزیرِ اعظم عمران خان نے فوری نوٹس لیتے ہوئے فوری امدادی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی نے کہا کہ عمران خان نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر مشکلات سے دو چار شہریوں اور متاثرین کی بھرپور امداد کے احکامات دیئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم نے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے سمیت زخمیوں کے بھرپور علاج معالجے کے لیے ہدایات دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: شدید برفباری، آزاد کشمیر، بلوچستان میں 82 جاں بحق

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر حکومت اور متعلقہ محکموں کے اشتراکِ عمل سے متاثرہ خاندانوں اور شہریوں کی مدد کے لیے تمام وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر بھر میں برف باری اور خراب موسم کے باعث پیش آنے والے حادثات اور برفانی تودوں کے گرنے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 67 ہو گئی ہے جبکہ بلوچستان میں بھی برفباری کے باعث مختلف حادثات میں 21 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین