• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی جی کو ہٹانے کیلئے سندھ کابینہ کا اجلاس آج ہوگا

موجودہ آئی جی سندھ کلیم امام کو ہٹانے کے لیے سندھ کابینہ کا اجلاس آج ہو گا۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کابینہ کا اجلاس آج سہ پہر طلب کر لیا ہے۔


ذرائع نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں موجودہ آئی جی پولیس کلیم امام کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی منظوری لی جائے گی۔

اجلاس کے دوران سندھ کابینہ موجودہ آئی جی کے متبادل کے نام پر بھی غور کرے گی۔

یہ بھی پڑھیئے: سندھ حکومت و آئی جی تنازع، اہم دستاویزات سامنے آگئیں

گزشتہ ماہ سندھ حکومت کی آئی جی سندھ سے ٹھن جانے کی خبریں اس وقت سامنے آئیں جب وزیرِ اطلاعات سندھ سعید غنی نے اپنے صوبے کے آئی جی کے خلاف پریس کانفرنس کر ڈالی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران سعید غنی نے کہا کہ کس افسر نے صوبے میں آنا ہے اور کس افسر نےجانا ہے یہ فیصلہ آئی جی سندھ نے نہیں کرنا۔

یہ بھی پڑھیئے: سندھ پولیس میں تبادلے، آئی جی کا چیف سیکریٹری کو خط

انہوں نے کہا تھا کہ لگتا ہے آئی جی سندھ کسی کے کہنے پر چل رہے ہیں، آئی جی سندھ کے چیف سیکریٹری کو لکھے گئے خط کا بہت چرچا ہے، اس خط میں جن دو افسروں کا ذکر تھا ان میں سے ایک نے وفاق کو سرنڈر کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ موجودہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس کلیم امام کا تقرر 12 ستمبر 2018ء کو کیا گیا تھا۔

تازہ ترین