وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پیش گوئی کی ہے کہ فروری اور مارچ میں سیاست اوپر نیچے ہوگی تاہم عمران خان کی حکومت چلتی رہے گی۔
نوشہرہ رسالپور میں 3 ریلوے انجن کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، اس کے خلاف کوئی عدم اعتماد نہیں آرہا، لوگ مزے کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں لوگ ناراض ہوتے ہیں، راضی بھی ہوجاتے ہیں، یہ ایک دو ماہ ناراض ہونے کے ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے نے متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) پاکستان کے کابینہ سے الگ ہونے پر کہا کہ اتحادی جماعت ہے وزارت سے الگ ہوئی ہے حکومت سے نہیں، عمران خان نے بھی ان کے مطالبات کو جائز قرار دیا ہے۔