• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بابراعظم کیلئے ایک اور اعزاز، سال کی بہترین ون ڈے ٹیم میں شامل

  کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹسمین بابر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور جیوری کے شکر گزار ہیں جنہوں نے 2019میں ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ون ڈے ٹیم آف دی ائیر میں شامل کیا۔ وہ اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کے شکرگذار ہیں جنہوں نے انہیں بھرپور سپورٹ کیا۔دائیں ہاتھ کے بیٹسمین بابراعظم کو دوسری مرتبہ آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ائیر میں شامل کرلیا گیا ہے۔ اس سے قبل 2017 میں بھی آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ائیر کا حصہ رہ چکے ہیں۔ بدھ کے روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے اعلان کردہ ون ڈے ٹیم آف دی ائیر میں موجود دیگر کھلاڑیوں میں روہت شرما (بھارت)، شائے ہوپ (ویسٹ انڈیز)، ویرات کوہلی، کپتان (بھارت)، کین ولیمسن (نیوزی لینڈ)، بین اسٹوکس (انگلینڈ)، جوز بٹلر، وکٹ کیپر (انگلینڈ)، مچل اسٹارک (آسٹریلیا)، ٹرینٹ بولٹ (نیوزی لینڈ)، محمد شامی (بھارت ) اور کلدیپ یادیو (بھارت) کے نام شامل ہیں۔ 2019میں بابراعظم نے 20ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 60.66کی اوسط اور92.30 کے اسٹرائیک ریٹ سے 1092رنز اسکور کیے۔ انہوں نے 3 سنچریاں اور 6نصف سنچریاں اسکور کیں۔2019 میں بابراعظم نے اپنی پہلی سنچری ٹرینٹ برج میں انگلینڈ کے خلاف 115رنز، نیوزی لینڈ کے خلاف 101رنز ناٹ آؤٹ جبکہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سری لنکا کے خلاف 115 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ آئی سی سی نے ون ڈے ٹیم آف دی ائیر کے اعزاز کا آغاز 2004 میں شروع کیا تھا ۔ اب تک مختلف ادوار میں 8پاکستانی کرکٹرز یہ اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں۔ 2005میں انضمام الحق اور رانا نوید الحسن، عمر گل 2009 اور 2011،2012 میں شاہد آفریدی اور سعید اجمل، 2013 میں سعید اجمل، 2014ں محمد حفیظ جبکہ 2017میں بابراعظم اور حسن علی آئی سی سی ایک روزہ ٹیم آف دی ائیر کا حصہ رہ چکے ہیں۔2019میں پہلی بار آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کرنے والے بابراعظم474 رنز بنا کر پاکستان کیلئے ٹاپ اسکورر تھے۔ وہ آئی سی سی ون ڈے پلیئرز رینکنگ میں تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔ بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ان اعزازات سے کھلاڑیوں کو میدان میں مزید بہتر کارکردگی دکھانے کا حوصلہ ملتا ہے۔ وہ پرامید ہیں کہ آئندہ سال آئی سی سی کی جانب سے اعلان کردہ ون ڈے ٹیم آف دی ائیر میں کئی پاکستانی کھلاڑی شامل ہوں گے۔ انہوں نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ائیر 2019 میں جگہ بنانے پر ندا ڈار کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ندا ڈار باصلاحیت خاتون کرکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ کئی کھلاڑیوں کے لیے رول ماڈل کی حیثیت بھی رکھتی ہیں۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے بابراعظم اور ندا ڈار کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دونوں قومی کرکٹ کا اثاثہ اور آئندہ نسلوں کے لیے رول ماڈل ہیں۔ بابر اعظم آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ2010 اور 2012 میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

تازہ ترین