• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان نے فیصل واوڈا کی ٹاک شو میں شرکت پر پابندی عائد کردی

عمران خان نے فیصل واوڈا کی ٹاک شو میں شرکت پر پابندی عائد کردی


وزیرِ اعظم عمران خان نے وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا پر ٹاک شوز میں شرکت کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

وزیرِ اعظم کی مشیر برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وفاقی وزیر پر یہ پابندی 2 ہفتوں کے لیے رہے گی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعظم نے فیصل واوڈا سے ٹاک شو میں ان کے رویے پر وضاحت بھی طلب کرلی ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل نجی ٹی وی چینل کے ٹاک شو میں فیصل واوڈا بطور مہمان شریک ہوئے جہاں وہ اپنے ساتھ ’بوٹ‘ لے آئے۔

اس ٹاک شو میں ان کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ اور مسلم لیگ (ن) کے جاوید عباسی بھی شریک تھے۔

مزید پڑھیے: وزیراعظم کو بوٹ والی بات پسند نہیں آئی، فیصل واوڈا

اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ ن لیگ نے لیٹ کر بوٹ کو عزت دی ہے، بوٹ کو چوم کر عزت دی ہے۔

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے فیصل واوڈا کے اس عمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

مزید پڑھیے: مریم اورنگزیب کا فیصل واوڈا کے استعفے کا مطالبہ

بعد ازاں جیو نیوز کے پروگرام ’کیپیٹل ٹاک‘ کے میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے اعتراف کیا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کو بھی ان کا یہ رویہ پسند نہیں آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو یقین دلایا ہے کہ آئندہ ایسا نہیں ہوگا اور ذمے داری کا مظاہرہ کروں گا۔

تازہ ترین