• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سٹی کونسل،وفاق سے 162 ارب فوری جاری کرنے کا مطالبہ،ترقیاتی فنڈز نہ ملنے پر اپوزیشن کا ہنگامہ

سٹی کونسل،وفاق سے 162 ارب فوری جاری کرنے کا مطالبہ


کراچی (اسٹاف رپورٹر)بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل کے جمعرات کو اجلاس میں شدید ہنگامہ آرائی،اپوزیشن ارکان نےترقیاتی فنڈز کے عدم اجرا پر شروع سے آخر تک ڈپٹی میئر کے ڈائس کے سامنے کھڑے ہو کرشدید نعرے بازی کی، ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں اپوزیشن کی خواتین ارکان بنچوں کے اوپر چڑھ گئیں، کان پڑی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی،لیاری یو سی آٹھ کےچیئرمین عبدالمجید نے لیٹ کر اور اپنا سر پیٹ کر احتجاج ریکارڈ کروایا،جبکہ اپوزیشن لیڈرکرم اللہ وقاصی نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میئر کراچی اور ان کی ٹیم نے شہر کو بدحال کردیا،رشتے داروں کو ٹھیکے دئے گئے،ملازمین گھر بیٹھے تنخواہیں لیتے ہیں،ڈپٹی میئر سید ارشد حسن جو اجلاس کی صدارت کر رہے تھےاجلاس جاری رکھااور 18نکاتی سرکاری ایجنڈے سمیت متعدد پرائیویٹ قراردادیں کثرت رائے سے منظور کرالیں،اجلاس میں میٹروپولیٹن کمشنراور سیکرٹری کونسل ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے بھی شرکت کی ایک قرارداد کے ذریعے کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی کے اجلاس میں اعلان کردہ کراچی پیکیج کے تحت 162 ارب کی رقم جاری کرنے میں تاخیر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ فوری طور پر ترقیاتی کاموں کے لئے 162ارب روپے اور اس کے ساتھ سال رواں کے پیکیج کی رقم جاری کی جائے تاکہ شہر کی خستہ حالت کو تبدیل کیا جاسکے اور مختلف منصوبوں پر کاموں کے ذریعے شہریوں کے مسائل جلد از جلد حل ہوسکیں،ممبران نے اسکول آف نرسنگ عباسی شہید اسپتال کو کالج آف نرسنگ کا درجہ دینے اور پاکستان نرسنگ کونسل کی ہدایات کے مطابق تدریسی اور دیگر عملے کی تقرری کی منظوری سے متعلق SNE کی منظوری بھی دی جس کے تحت تین سالہ جنرل نرسنگ ٹریننگ کو بتدریج چار سالہ Generic-BSN ڈگری میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ عباسی شہید اسپتال اور کے ایم سی کے دیگر اسپتالوں کو نرسنگ کے شعبے میں اعلیٰ تعلیم یافتہ نرسز میسر آسکیں اور تدریسی خدمات کو وسعت دی جا سکے، اجلاس میں سابق وفاقی وزیر سید صفوان اللہ، سابق گورنر سندھ فخر الدین جی ابراہیم،شاعر عارف شفیق کے انتقال اور آزاد کشمیر و ملک کے دیگر حصوں میں حالیہ بارشوں اور برفانی تودے گرنے سے ہونے والی ہلاکتوں اور نارتھ کراچی میں گاڑی میں آتشزدگی سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد کی ہلاکت پر اظہار رنج و غم اور مرحومین کے لئے دعائے مغفرت سمیت زخمیوں کے لئے طبی سہولیات، مرحومین کے لئے معاوضے کی ادائیگی اور متاثرہ افراد کی جلد محفوظ مقامات پر منتقلی کا مطالبہ کیا گیا، اجلاس کے دوران منظور کی گئی ایک اور قرارداد میں گزشتہ دنوں سکھر میں عمارت گرنے کے واقعہ میں ملبے تلے افراد کو نکالنے اور بہترین امدادی کاموں پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کی 16 رکنی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو تعریفی اسناد سے نوازنے کے علاوہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سفاری پارک میں اسٹال چلانے کے لئے منعقدہ نیلام عام ، مختلف قبرستانوں کی درستگی، مرمت و برقی امور کے ٹھیکے، مرغی کے گوشت کی دکانوں سے لائسنس فیس کی وصولی کے حقوق کا ٹھیکہ دینے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کی مرمت و درستگی کے لئے معاہدہ برائے سال 2019-20ء کی منظوری، نارتھ کراچی مذبحہ خانے میں خام کھالوں پر فیس کی شرح میں ترمیم، عباسی شہید اسپتال میں جینی ٹوریل وین سروس کی فراہمی، راشد منہاس روڈ پر پل کا نام میجر عدیل شاہد شہید برج رکھنے، لینڈ ریکارڈ اور ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز ٹرمینل میں گیٹ انٹری فیس، کراچی کی حدود میں واقع رہائشی اپارٹمنٹس کے ریکارڈ آف رائٹس میں اندراج ، پلاٹوں کی اسکروٹنی فیس برائے بلڈنگ پلان میں اضافہ، پلاٹوں کے لیز نرخوں میں اضافہ، بلدیہ عظمیٰ کراچی میں مختلف اسامیوں کی حکومت سندھ کے احکامات کے تحت اپ گریڈیشن، قبرستانوں کی رجسٹریشن اور رجسٹرڈ قبرستانوں کو علاقائی منتخب نمائندوں یعنی چیئرمین کے حوالے کرنے اوران کی دیکھ بھال کے امور یوسی چیئرمین کے ذمے لگانے سمیت قبرستان کی چار دیواری کی تعمیر کے علاوہ ماڑی پور ٹرک اسٹینڈ کی بائونڈری وال کی تعمیر اور یوسی 40- ماڑی پور کو گاڑیوں کی پارکنگ کے حقوق قانونی طور پر دینے سے متعلق متعدد دیگر قراردادوں کی بھی کثرت رائے سے منظوری دی گئی اجلاس کے اختتام پر اپوزیشن لیڈرکرم اللہ وقاصی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا میئر کراچی اور ان کی ٹیم نے شہر کو بدحال کردیا،رشتے داروں کو ٹھیکے دیئے گئےملازمین گھر بیٹھے تنخواہیں لیتے ہیں۔

تازہ ترین