• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: ڈیفنس میں کار پر فائرنگ، اسکول مالک جاں بحق

ڈیفنس کراچی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے کار سوار جاں بحق


کراچی کے علاقے ڈیفنس میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی کار پر فائرنگ کے نتیجے میں اسکول کا مالک جاں بحق جبکہ فروٹ فروش زخمی ہوگیا۔

ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللّٰہ چاچڑ کے مطابق قیوم آباد سے کورنگی ندی کے بند کے ساتھ ڈیفنس جانے والے ایکسپریس وے پر کار میں سوار ایک شخص سڑک کنارے کھڑے ٹھیلے والے سے فروٹ خرید رہا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان وہاں پہنچے جنہوں نے فروٹ خریدنے والے کو ٹارگٹ کر کے اس پر فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں کار سوار مشتاق خان اور فروٹ فروش صاحب خان زخمی ہوگئے، دونوں زخمیوں کو نجی گاڑی کے ذریعے جناح اسپتال روانہ کیا گیا جہاں پہنچنے تک کار سوار جاں بحق ہو چکا تھا۔

ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللّٰہ چاچڑ کے مطابق کار سوار مشتاق خان ولد گل رحمٰن ڈیفنس فیز 2 میں واقع ایک نجی اسکول ایچ ایس ایم کا مالک بتایا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کی حدود ڈیفنس فیز 7 ایکسٹینشن میں پیش آیا ہے جس کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق گاڑی قبضے میں لے لی گئی ہے اور جائے وقوع سے گولیوں کے خالی خول بھی ضبط کر لیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی، فائرنگ سے اہلسنت والجماعت کا کارکن جاں بحق

پولیس کے مطابق جائے وقوع کے اطراف آبادی نہیں، موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ہیلمٹ پہن رکھے تھے، پولیس ملزمان تک پہنچنے کے لیے عینی شاہدین کی مدد لے رہی ہے۔

مقتول ریٹائرڈ آرمی میجر بتایا گیا ہے لیکن اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

تازہ ترین