ماہرین کا ماننا ہے کہ کم فیٹ والے دودھ کو پینے کی وجہ سے بڑھتی عمر کے مسائل حل ہوجاتے ہیں۔
بڑھتی عمر کے مسائل اور ان پر کم فیٹ والے دودھ کے اثرات پر بریگھم ینگ یونیورسٹی کے تحقیق دانوں نے ایک ریسرچ کی جو آکسیڈیٹو میڈیسن اور سیلولر لونگویٹی جرنل میں شائع ہوئی۔
تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ ایسے افراد جو کم فیٹ والا دودھ پیتے ہیں وہ اپنے ہم عمر لوگوں سے کم عمر کے دکھائی دیتے ہیں۔
ایک محقق لاری ٹکر کا کہنا تھا کہ اس تحقیق کے نتائج بہت عمدہ اور اس میں فرق بھی واضح نظر آیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ بہت زیادہ فیٹ والا دودھ پیتے ہیں تو خبردار رہیں کہ آپ کو پیچیدہ مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے جن میں بڑھتی عمر کا دکھائی دینا بھی شامل ہے۔
اس مقالے کے لیے تحقیق دانوں نے لوگوں کے گروپ کے ٹیلومیئر کی لمبائی کے ساتھ روزانہ یا ہفتہ وار دودھ پینے کا تسلسل اور اس میں موجود فیٹ کی مقدار (مکمل فیٹ، 2 فیصد، ایک فیصد اور بلا فیٹ) کی جانچ کی۔
محققین کا کہنا ہے کہ یہ ٹیلومیئر انسانی کروموسومز میں نیوکلیوٹائڈ کا سرا ہوتا ہے، یہ بائیولوجیکل گھڑی کی طرح کام کرتے ہیں، یعنی بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ ان کی تعداد میں بھی کمی آنے لگتی ہے۔
تحقیقی مقالے کے مطابق جتنی زیادہ مقدار میں فیٹ والے دودھ کا استعمال کیا جائے گا تو اتنی ہی زیادہ مقدار میں ٹیلومیئر میں کمی واقع ہوگی۔
تاہم ٹیلومیئر کی تعداد میں کمی کی وجہ سے انسان زیادہ عمر کا دکھائی دینے لگتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ایک شخص اپنے دودھ پینے کی مقدار میں ایک فیصد بھی اضافہ کرتا ہے تو اس کی وجہ سے 69 ٹیلومیئرز کم ہوجاتے ہیں۔
تحقیق دانوں نے اخذ کیا کہ ایسے افراد جو مکمل فیٹ والا دودھ استعمال کرتے ہیں تو ان کے 145 ٹیلومیئرز میں کمی ہوجاتی ہے۔
اس میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ہر تیسرا جوان انسان مکمل فیٹ کے ساتھ دودھ کا استعمال کرتے ہیں۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، بہترین غذا کا انتخاب کے لیے اپنے غذائیت دان سے رابطہ کریں۔