اسلام آباد (اے پی پی) سینیٹ کے حکومتی اراکین نے کہا ہے کہ زینب الرٹ بل کو فی الفور منظور کیا جائے۔ اس بل پر سیاست نہیں کرنی چاہیے کیونکہ یہ عوامی مفاد کا معاملہ ہے۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ زینب الرٹ بل پر تمام سیاسی جماعتوں کے اکابرین سے تفصیلی بحث ہوئی ہے۔ اس بل کو فوری منظور کیا جائے تاکہ اس قسم کے گھناؤنے فعل میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔ سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز نے کہا کہ اس بل کو بلاتاخیر منظور کیا جائے۔ اپوزیشن کو بل میں انکی ترامیم شامل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہیں۔ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ زینب الرٹ بل پر طویل عرصے سے کام جاری ہے۔ اس پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے کئی اجلاس ہوئے ہیں۔ اس کے بعد قومی اسمبلی نے اس بل کو منظور کیا ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے اگر اس میں ترامیم تجویز کیں تو یہ پھر قومی اسمبلی میں جائیگا۔ اس بل پر سیاست نہیں کرنی چاہئے، اسے فوری طور پر منظور کرنا چاہیے۔ ترامیم بعد بھی کی جا سکتی ہیں۔