• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کیلئے برطانیہ کا امدادی پروگرام کرپشن سے پاک رہا ،شفقت محمود

لندن (مرتضیٰ علی شاہ/سعید نیازی) تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا ہے کہ برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے ڈی ایف آئی ڈی کے تحت پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے تحت چلنے والا امدادی پروگرام بڑی حد تک کرپشن سے پاک رہا ہے اور اس سلسلے میں تعمیرات کے حوالے سے صرف ایک ایشو سامنے آیا ہے۔ ڈور چیسٹر ہوٹل میں پریس کانفرنس اور قبل ازیںعشائیہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خطاب کرتے ہوئے، جن کا اہتمام انیل مسرت نے کیا تھا، شفقت محمود نے کہا کہ ڈی ایف آئی ڈی کا پروگرام بڑی حد تک اچھی طرح چلایا جا رہا ہے اور انہیں اس میں کرپشن کا کوئی ثبوت نظر نہیں آیا۔ پریس کانفرنس میں دیگر لوگوں کے علاوہ رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی، افضل خان، عمران احمد، لارڈ قربان حسین، سابق رکن پارلیمنٹ فیصل رشید، صاحبزادہ جہانگیر اور رانا عبدالستار بھی شریک تھے۔۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ یہ پروگرام بڑی حد تک ایک اچھا پروگرام ہے، اب یہ ڈی ایف آئی ڈی کا کام ہے کہ وہ اس بات کا تجزیہ کرے کہ اس کے مقاصد حاصل ہوئے یا نہیں؟ انھوں نے کہا کہ ڈی ایف آئی ڈی کے صوبائی حکومتوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور ہم نے انھیں بتا دیا ہے کہ ہم وفاقی سطح پر ایک ڈیٹا سینٹر قائم کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جہاں تک مجھے معلوم ہے ڈی ایف آئی ڈی پروگرام میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی۔ انھوں نے ڈی ایف آئی ڈی سے کہا کہ وہ تعلیم کیلئے فنڈز فراہمی کے ذریعے پاکستان کی مدد جاری رکھے، ہم چاہتے ہیں کہ ڈی ایف آئی ڈی اپنا امدادی پروگرام جاری رکھے۔
تازہ ترین