• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرید عباس قتل کیس: ملزم نے اینکر کی بیوہ سے معافی مانگ لی

مرید عباس قتل کیس : ملزم نے اینکر کی بیوہ سے معافی مانگ لی


ٹی وی اینکر مرید عباس قتل کیس کے ملزم عاطف زمان کا آج مقتول کی بیوہ زارا سے سامنا ہوگیا۔

ملزم عاطف زمان نے مقتول مرید عباس کی بیوہ زارا مرید سے معذرت کرتے ہوئے ’سوری‘ کہا تو زارا نے جواب دیا کہ ’میں کیا، تمھیں تو اللّٰہ بھی معاف نہیں کرے گا۔‘

عدالت میں ملزم کے وکلائے صفائی کی غیر حاضری کے باعث فردِ جرم عائد نہ ہوسکی جس پر جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگلی سماعت تک آخری مہلت دے رہے ہیں۔

دُہرے قتل کا ملزم عاطف زمان عدالت لایا گیا تو اُس کا سامنا مرید عباس کی بیوہ زارا عباس سے ہوا، وہی مرید عباس جسے اُس نے سفاکی سے موت کے گھاٹ اُتارا تھا۔

بیوہ زارا عباس منہ پھیر کر آگے بڑھنا چاہتی تھی مگر اُس کے قریب آتے ہی عاطف زمان شرمندگی سے بولا، سوری جس پر زرا عباس نے جواب دیا، قتل کے بعد سوری کا کیا مطلب؟ میں تو کیا، تمہیں اللّٰہ بھی معاف نہیں کرے گا۔ اس پر ملزم عاطف زمان بولا جی جانتا ہوں۔

وکیلِ صفائی کے حاضر نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ تیسرا موقع ہے جبکہ وکلا کے پیش نہ ہونے کے باعث فردِ جرم عائد نہ کی جاسکی، آخری مہلت دے رہے ہیں، اگلی سماعت یکم فروری کو ہوگی اور سرکاری وکیل فراہم کرکے فردِ جرم عائد کردی جائے گی۔

تازہ ترین