اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں مشترکہ گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز جاری ہے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ کورال، ترنول اور پھلگراں کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیے گئے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق انڈسٹریل ایریا، لوہی بھیر اور سمبل کے علاقوں میں سرچ آپریشنز کیے گئے، سرچ آپریشن کے دوران 230 افراد اور 128 گھرانوں کو چیک کیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق سرچ آپریشنز کے دوران 39 ہوٹلز اور 34 دکانوں کو چیک کیا گیا، 197 موٹر سائیکلوں اور 53 گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ چار مشکوک افراد اور 20 موٹر سائیکلوں کو مزید جانچ پڑتال کیلئے تھانوں میں منتقل کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر مؤثر چیکنگ کیلئے خصوصی چیکنگ پوائنٹس قائم ہیں، شہری چیکنگ کے دوران پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔