ملتان میں کورونا وائرس کے شبہے میں چینی باشندے کے بعد ایک پاکستانی شہری بھی نشتر اسپتال میں زیرِ علاج ہے، دونوں مریضوں کی رپورٹس کا انتظار ہے۔
ملتان کے نشتر اسپتال میں گزشتہ روز 40 سالہ چینی باشندہ فینگ فین کو لایا گیا تھا، جس میں کورونا وائرس کی علامات تھیں۔
چینی باشندہ 21 جنوری کو چین کے شہر ووہان سے سفر کر کے ملتان پہنچا تھا جبکہ 28 سالہ رحمت کو گزشتہ شام نشتر اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں منتقل کیا گیا ہے۔
رحمت ملازمت کے سلسلے میں چین میں رہائش پذیر تھا، 4 روز قبل چین سے وطن واپس آیا تو مسلسل بخار میں مبتلا رہنے کے بعد اسے نشتر اسپتال لایا گیا۔
یہ بھی پڑھیئے: ملک میں کورونا کے پہلے مریض کی خبر غلط ہے، ڈاکٹر ظفر
یہ بھی پڑھیئے: ملتان، کورونا کے شبہے میں چینی باشندہ اسپتال میں داخل
نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا کے مطابق مریضوں کے خون کے نمونے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد بھجوائے گئے ہیں جہاں سے یہ خون کے نمونے بیرون ملک تجزیے کے لیے بھجوائے جا رہے ہیں تاکہ پتہ چلایا جا سکے کہ یہ مریض کورونا وائرس کا شکار ہیں یا نہیں۔