وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری اطلاعات کے مطابق چین میں کوئی پاکستانی کورونا وائرس سے متاثر نہیں، چین نے کورونا وائرس سے متاثرہ علاقوں میں نقل وحرکت پر پابندی لگا رکھی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے ایک بیان میں کہا کہ چینی صوبے ووہان میں رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ پاکستانی طلبا تعداد 500 سے 800 کے درمیان ہے، نان رجسٹرڈ طلبا کی رجسٹریشن کے لیے 2 افسران مامورکردیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام احتیاطی تدابیر اپنائی جارہی ہیں، گھبرانے کی ضرورت نہیں، احتیاط سے کام لینے کی ضرورت ہے جبکہ چینی حکام مکمل تعاون کر رہے ہیں۔
دوسری طرف چین میں پھنسے پاکستانی طلبہ کا حکومت سے مدد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمیں جلد از جلد یہاں سے نکالا جائے۔
ووہان میں پھنسی پاکستانی طالبہ حفصہ طیب کا جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پہلے تو ہم پریشان تھے لیکن اب پاکستانی سفارتخانے کے اہلکاروں نے ہم سے رابطہ کر لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اور سفارتخانہ ہم سے بہت تعاون کر رہا ہے، ہمیں خوشی ہے کہ حکومت مدد کو پہنچی ہے، دوسرے ممالک کے سفارتخانے اپنے لوگوں کو ووہان سے نکال رہے ہیں۔
طلبہ کا کہنا ہے کہ ووہان میں 500 سے زائد پاکستانی طلبہ موجود ہیں، ایک بھی پاکستانی طالب علم متاثر ہوا تو سب کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ چین میں مزید 769 مریضوں میں مہلک وائرس کی تشخیص کے بعد کوروناوائرس کےکیسز کی تعداد 2 ہزار 7 سو 44 ہوگئی۔
چین میں مہلک وائرس سے اب تک 80 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔