• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق پاکستانی گلوکار عدنان سمیع نے پدما شری ایوارڈ حاصل کرنے کی خاطر والد کے فوجی کردار سے لاتعلقی کا اظہار کردیا۔

پدما شری ایوارڈ کے حوالے سے کی جانے والی تنقید کے جواب میں بھارتی میڈیاکو دیئے ایک انٹرویو میں عدنان سمیع نے اپنے والد  ارشد سمیع جو پاکستان ایئر فورس کے سابق پائلٹ بھی رہ چکے ہیں، کے کردار اور خدمات سے لاتعلقی کا اظہار کیا اور کہا کہ میرے ایوارڈ کا ان کے پائلٹ ہونے سے کوئی تعلق نہیں۔

یاد رہے کہ بھارت میں 71 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر 141 افراد کو مختلف شعبوں میں خدمات سر انجام دینے پر پدما شری ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ان شخصیات میں پاکستانی نژاد گلوکار اور 2016 میں بھارتی شہریت حاصل کرنے والے عدنان سمیع بھی شامل تھے۔

 


عدنان سمیع کو بھارتی صدر رام ناتھ کووند کی طرف سے اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔

جس پر بھارت میں شدید رد عمل دیکھنے میں آیا اور بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے گلوکار کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

 عدنان سمیع پر تنقید کرنے والوں میں شوبز شخصیات سمیت سیاسی شخصیات بھی شامل ہیں۔ ان پر سب سے زیادہ تنقید اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت کانگریس کی جانب سے کی گئی۔

حال ہی میں عدنان سمیع  کی جانب سے ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے اپنے والد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سچے فوجی تھے اور اپنے ملک کی حفاظت کرنا ان کا فرض تھا۔

عدنان سمیع نے واضح کیا کہ ان کا اپنے والد کے کردار سے کوئی تعلق نہیں اور انہیں ان کے والد کے کام کی وجہ سے ایوارڈ سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔

عدنان سمیع نے دلیل دی کہ جیسے ان کے طرز عمل اور کارناموں کا ان کے والد سے کوئی تعلق نہیں، اسی طرح ان کے والد کے فرائض اور کارناموں کا بھی ان سے کوئی تعلق نہیں ہونا چاہیے اور انہیں پدما شری ایوارڈ سے محروم رکھنا ناانصافی ہے۔

گلوکار کے مطابق 2016 میں انہیں بھارتی شہریت ملی اور انہوں نے مجموعی طور پر بھارت میں 20 سال گزارے اور ان دو دہائیوں میں انہوں نےبالی ووڈ کو شاندار موسیقی دی۔

یاد رہے کہ 46 سالہ گلوکار پاکستان میوزک انڈسٹری کےلیے کئی نامور گانے ترتیب دے چکے ہیں۔

تازہ ترین