• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹڈی دل کے تازہ حملے، فصلیں چٹ، سبزہ اجڑ گیا

ملک کے مختلف علاقوں میں ٹڈیوں کے حملے جاری


ملک کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کے حملے جاری ہیں، جہاں ٹڈی دل کھڑی فصلیں چٹ کر گئے، سبزہ اجاڑ دیا، پھل دار درختوں کا صفایا کر ڈالا۔

ڈیرہ اسماعیل خان، راجن پور، پاکپتن، ساہیوال، رحیم یار خان، بہاولپور، چولستان، تھر، بدین سمیت متعدد علاقوں میں ٹڈی دل نے تباہی مچا دی۔

ڈی آئی خان میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، ٹڈیوں کے جھنڈ سے مقابلے کے لیے مقامی سطح پر کوششیں جاری ہیں، کسان، صوبائی اور وفاقی حکومت سے امداد کے منتظر ہیں۔

ٹڈی دل سندھ میں تباہ کاری کے بعد پنجاب اور خیبر پختون خوا کے مختلف علاقوں میں حملہ کرنے پہنچ گئے ہیں، راجن پور کے دیہی علاقوں میں ٹڈیوں نے دوبارہ حملہ کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: ملک میں ٹڈی دل پر ایمرجنسی نافذ کی جائے: خسرو بختیار

پاک پتن اور ڈیرہ اسماعیل خان کے کھیت بھی محفوظ نہیں رہے، کاشت کار فصل ضائع ہونے کے خدشے پر سر پکڑے بیٹھے ہیں۔

پاکپتن کے دیہات میں ٹڈی دل درختوں پر موجود ہیں اور کچھ نے ساہیوال کا رخ بھی کر لیا ہے، اسپرے کے ذریعے ٹڈیوں کو تلف کیا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر محمد عمیر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹڈی دل سے ضلع کا وسیع علاقہ متاثر ہو رہا ہے، متاثرہ علاقوں میں اسپرے جاری ہے، جبکہ فضائی اسپرے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت تمام ضروری اقدامات جاری ہیں، یونین کونسل کی سطح پر بھی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: ٹڈی دل کا خیبر پختون خوا پر بھی حملہ

حکام کے مطابق ٹڈی دل کے حملوں سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ ابھی نہیں لگایا گیا ہے۔

راجن پور اور روجھان کے دیہات میں ٹڈی دل نے ایک بار پھر حملہ کر دیا ہے، متاثرہ علاقوں میں ٹڈی دل بڑی تعداد موجود ہیں۔

ڈپٹی کمشنر راجن پور ذوالفقار علی کے مطابق ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے 8 دیہات میں اسپرے کیا گیا ہے، مزید متاثرہ علاقوں میں محکمۂ زراعت کی ٹیمیں موجود ہیں جہاں اسپرے کیا جا رہا ہے۔

تازہ ترین