• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکہ ون چائنہ پالیسی پر مکمل طور پر عمل کرے،چین

Us Should Follow One China Policy China
واشنگٹن...چین کے صدر ژی جن پنگ نے امریکہ پر زوردیا ہے کہ وہ ون چائنہ پالیسی کے معاہدے پر مکمل طور پر عمل کرے۔

چین کے صدر ژی جن پنگ نے امریکی صدر باراک اوبامہ کے ساتھ جمعہ کو واشنگٹن میں عالمی ایٹمی سیکیورٹی کانفرنس کی سائیڈ لائن پر ملاقات کے دوران تائیوان کے معاملہ پر اپنے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ امریکہ خطے میں امن اور ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کے ذریعے مددگار ہوسکتا ہے ، یہ اقدامات امریکہ اور چین کے درمیان تعلقات کے لئے فائدہ مند ہوں گے۔

انہوںنے کہا کہ کوئی بھی ملک سست عالمی اقتصادی ترقی اور مالیاتی بحران کے پس منظر میں کرنسی کی قدر میں مقابلہ کے ذریعے برآمدات کی حوصلہ افزائی نہیں کرسکتا،دنیا کی دو بڑی معیشتوں کو اپنی میکرواکنامک پالیسیوں کے ذریعے تعاون کو مضبوط کرنا چاہیے تا کہ عالمی معیشت کو مستحکم اور متوازن ترقی کے ذریعے آگے بڑھایا جا سکے۔

چین امریکہ کے ساتھ باہمی سرمایہ کاری کے معاہدوں سے متعلق مذاکرات کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہے جو کہ دونوں ممالک کے لئے فائدہ مند ہوں گے۔انہوںنے مزید کہا کہ ان کا ملک نیویگیشن کی آزادی کے نام پر ایسے کسی بھی اقدام کی اجازت نہیں دے گا جس سے ان کے ملک کی سلامتی اورسیکیورٹی کے مفادات کو خطرہ ہو۔

چین بین الاقوامی قوانین کے تحت جنوبی بحیرہ چین میں نیویگیشن کی آزادی کا احترام کرتا ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ہے ، خطے میں امن واستحکام یقینی بناتے ہوئے اپنی سلامتی وخودمختاری کا دفاع کرنے کے لئے پر عزم ہے اور اپنے اس موقف پر قائم ہے کہ تنازعات کو پر امن طریقے سے براہ راست مذاکرات اور مشاورت سے حل کرنا چاہیے۔

چینی صدر نے جزیرہ نما کوریا کے معاملہ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ فریقین کو ایسی بیان بازی اور اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو خطے میں کشیدگی میں اضافے کا باعث بنے اور دوسرے ممالک کے سیکیورٹی مفادات اور سٹریٹجک توازن کو خراب کرنے کے مترادف ہوں ۔ چین جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کی اہمیت سے آگاہ ہے۔
تازہ ترین