کوئٹہ میں پولیس لائن ہیڈ کوارٹر کے رہائشی کوارٹر میں گیس لیکج کے باعث دھماکے سے 2 بچے جاں بحق جبکہ خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق کوئٹہ کے علاقے گلستان روڈ پر واقع پولیس لائن ہیڈ کوارٹر میں کانسٹیبل کے گھر میں گیس لیکج کے باعث گیزر کے پھٹنے سے زور دار دھماکا ہوا جس کی آواز دور دور تک سنائی دی گئی ۔
ذرائع کے مطابق دھماکے کے باعث گھر کی دیواریں منہدم ہوگئیں اور ملبہ تلے دب کے دو بچے اور خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال منتقلی کے دوران دونوں بچے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے جبکہ دیگر زخمیوں کو سول ہسپتال اور بعد ازاں وہاں سے بولان میڈیکل اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی کوئٹہ ہی کے علاقے سریاب روڈ خلجی کالونی اور بروری میں گیس لیکج کے باعث 2 دھماکوں میں 6 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔