سکھر(بیور ورپورٹ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے سکھر تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام جاری نویں ، دسویں جماعت کے امتحانات میں پبلک اسکول سکھر کا دورہ کیا، قائد حزب اختلاف مختلف کلاسز میں گئے اور نویں جماعت کے بچوں کو امتحان دیتے ہوئے دیکھا ، اس موقع پر انہوں نے بچوں سے بات چیت بھی کی، سید خورشید احمد شاہ نے نویں، دسویں جماعت کے امتحانا ت میں نقل کی روک تھام کے لئے کئے گئے انتظامات پر ضلعی انتظامیہ ، پولیس، تعلیمی بورڈ اور اسکول انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کاپی کلچر کے خاتمے کے لئے ہم سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، اساتذہ اور ڈیوٹی پر موجود عملے پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے فرائض احسن انداز میں ادا کرتے ہوئے بلا تفریق نقل کی روک تھام کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ کاپی کلچر ہمارے بچوں کے مستقبل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہا ہے۔