• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جماعت اسلامی کی ان ہاوَس تبدیلی کی مخالفت، سراج الحق

پشاور(نمائندہ جنگ) جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ان ہاءو س تبدیلی پر یقین نہیں رکھتی کیونکہ اس کے نتیجے میں ایک مرتبہ پھر خرید وفروخت کا بازارگرم اور چانگا مانگا کی سیاست شروع ہو جائیگی ، اس لئے جماعت اسلامی ان ہائو س تبدیلی کی مخالفت اور اس کےخلاف مزاحمت کرے گی،جماعت اسلامی قبل ازوقت انتخابات کا مطالبہ کرتی ہے تاکہ عوام کو ووٹ کے صحیح استعمال کا موقع ملے ، تبدیلی سرکاری 100فیصد ناکام ہوچکی ہے لیکن ملک کی سیاست میں زرداری اور شہباز کےلئے بھی کوئی جگہ نہیں ، تحریک انصاف کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ مختلف الخیال لوگوں کا مجموعہ ہے جو اپنے مفادات کےلئے اکٹھے ہوئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مرکز اسلامی پشاور میں ملکی و غیر میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا ، سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پی پی اورمسلم لیگ کی حکومتوں نے ملک کے معیشت کو تباہ کر دیاتھا اور ان کے ادوار میں 31 ہزار ارب روپے قرض لیے گئے جب کہ پی ٹی آئی کے حکومت کے 18 ماہ میں دس ہزار ارب روپے قرض لیے گئے ،موجودہ حکومت نے بھی تبدیلی کا نعرہ لگایا لیکن تبدیلی کے بجائے عوام کے مشکلات میں اضافہ کیا اور اب پی ٹی آئی کے اپنے کارکنان مایوس ہوکر بڑی تیزی کیساتھ جماعت اسلامی میں شامل ہورہے ہیں ، تبدیلی لانے والے سو فیصد ناکام ہوچکے ہیں ، اداروں کو کمزور کردیا اور معیشت کے سارے اختیارات آئی ایم ایف کے حوالے کیے گئے اب وہ براہ راست مالیاتی اداروں کو کنڑول کر رہے ہیں ، ملک کی شرح ترقی میں کمی آئی ہے اور ملک میں ایک خوف کی فضاہے ۔
تازہ ترین