• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور ترکی کے تعلقات مثالی اور تاریخی ہیں، وزیر خارجہ

پاکستان اور ترکی کے تعلقات مثالی اور تاریخی ہیں، وزیر خارجہ


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ترک صدر کے دورہ پاکستان سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں نئے دور کا آغاز ہوگا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ترک صدر نے اقوام متحدہ میں کشمیر کا ذکر کیا، پاکستان اور ترکی کے تعلقات مثالی اور تاریخی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کے عوام اور حکومت نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور ترکی کے ساتھ ہمارے برادرانہ تعلقات بھی ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ترک صدر کا دورہ پاکستان اور وزیراعظم کا ملائیشیا کا کامیاب دورہ تعلقات کی مضبوطی کا اظہار ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے ترکی اور ملائیشیا سے تعلقات متاثر ہونے کی قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں۔

واضح رہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان جمعرات کو پہنچے ہیں، نور خان ایئر بیس پر تر ک صدر کا استقبال وزیر اعظم عمران خان نے کیا۔

رجب طیب اردوان کے ساتھ وزیر تجارت، ٹرانسپورٹ اینڈ انفرا اسٹرکچر اور وزیر امورخارجہ بھی ہمراہ ہیں۔

ترک صدر وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان آئے ہیں۔

نور خان ایئربیس پہنچنے پر ترک صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ وزیر اعظم خود گاڑی ڈرائیو کر کے ترک صدر کو ایئرپورٹ سے لے کر ایوان صدر لے کر گئے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان اور وزیر اعظم عمران خان ون آن ون ملاقات کریں گے۔

تازہ ترین