• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی رکن پارلیمنٹ نے بچوں کی محبت میں وزارت چھوڑدی

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے قریبی ساتھی نے اپنے بچوں کو اہمیت دیتے ہوئے وزارت چھوڑ دی۔

اپنے گھر والوں کو وقت دینے کے لیے سیاست باالخصوص حکومت کے اتنے بڑے عہدے کو چھوڑنے سے متعلق شاید آپ نے پہلے کبھی نہ سنا ہو لیکن ایسا برطانیہ کے ایک سیاست دان نے کرکے دکھایا ہے۔

غیر ملکی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق جہاں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اپنی کابینہ میں رد و بدل کیا ہے وہیں انہوں کچھ تبدیلیاں کرتے ہوئے اپنے کچھ ساتھیوں کو اہم عہدوں سے ہٹادیا جبکہ کچھ کو نئے عہدوں کی پیشکش کی۔

ایسے ہی ایک وزیر جیک بیری تھے جنہیں وزارت خارجہ میں اہم عہدہ دینے کی پیشکش ہوئی لیکن انہوں نے اپنی نجی مصروفیات ہونے کی وجہ سے یہ عہدہ لینے سے انکار کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’میرے لیے میرے اہلخانہ پہلے ہیں، میں ایسا کوئی عہدہ قبول نہیں کر سکتا جس کی وجہ سے مجھے غیر ملکی دورے کرنا پڑیں اور اپنے اہل خانہ سے دور رہنا پڑے۔‘

جیک بیری کے تین بچے ہیں اور ان کا ایک بیٹا حال ہی میں پیدا ہوا ہے۔

اپنے اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے یہ اعزاز کی بات رہی ہے کہ میں نے شمال میں ویسٹ منسٹر کے لیے جدوجہد کی۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ڈھائی سال سے میں نے ناردن پاور ہاؤس کے تصور کو کابینہ تک لے جانے میں مدد کی۔

واضح رہے کہ ناردرن پاور ہاؤس منصوبہ برطانیہ میں اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کے لیے 2010 میں اس وقت کی اتحادی حکومت نے پیش کیا تھا۔

جیک بیری بورس جانسن کی حالیہ کابینہ تبدیلیوں سے قبل ناردن پاور ہاؤس اور مقامی ترقی کے ہی وزیر تھے۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں برطانوی رکن پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ ناردرن پاور ہاؤس وہ بنیاد ہے جس نے کنزرویٹو پارٹی کو اکثریت دلوائی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں نے اس لیے حکومت کا حصہ بننے سے انکار کیا کیونکہ مجھے جس عہدے کی پیشکش کی جارہی تھی اس کی وجہ سے بڑی تعداد میں غیر ملکی دورے کرنے ہوتے ہیں۔

جیک بیری نے کہا کہ میرے تین بچے ہیں جن میں سے سب سے چھوٹا بچہ صرف ایک ہفتے کا ہے، میرے لیے میرے گھر والے پہلے ہیں اسی لیے میرے لیے یہ پیشکش قبول کرنا ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے مستقبل کے لیے بورس جانسن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں اور ان کی حکومت کو ہمیشہ سپورٹ کرتے رہیں گے۔

تازہ ترین