• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک ترک ایف ٹی اے کے تحت ممکنہ شعبوں کی نشاندہی آئندہ ماہ ہوگی

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) تجارت، ٹیکسٹائل، صنعتوں، پیداوار اور سرمایہ کاری پر وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کے تحت ممکنہ شعبوں کی نشاندہی کیلئے جائزہ آئندہ ماہ مارچ میں مکمل کر لیا جائے گا جس پر دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات اپریل میں ہوں گے۔ پاکستان نے ترکی سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ پاک چین آزاد تجارتی معاہدے سے استفادہ کرے جس کے تحت اپنی صنعتوں کو معاہدے کرنے کی اجازت دے یا پاکستان میں برآمدی شعبوں میں سرمایہ کاری کرے۔ مشیر تجارت کے مطابق آزاد تجارتی معاہدے کیلئے پاکستان اور ترکی کے درمیان برف پگھل رہی ہے۔ اپنی خصوصی گفتگو میں عبدالرزاق داؤد نے بتایا کہ ایف ٹی اے کے لئے دونوں ممالک میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے۔ صدر رجب طیب اردون کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران پاکستانی کاروباری برادری سے براہ راست سرمایہ کاری پر بات ہوئی۔ ایف ٹی اے کے تحت پاکستان اور چین مجموعی طور پر75فیصد ٹیرف لائنز کو10سال کے لئے چھوٹ دیں گے۔ ترک کاروباری طبقہ اس سے استفادہ کر سکتا ہے۔
تازہ ترین