پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے مہنگائی میں پسے لوگوں کے لیے سیاست نہ کی تو عوام سیاسی جماعتوں سے لاتعلق ہوجائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ امید ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف جلد وطن واپس آکر اپنا کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نالائق اور نااہل لوگ حکومت چلارہے ہیں، ہر پاکستانی شہری کو پتا ہے کہ یہ لوگ نالائق اور نااہل ہیں، حکومت اپنے کام کے بجائے اپوزیشن کو گالی دیتی ہے۔
پی پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ عوام کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، ہم نے آئی ایم ایف سے ڈیل کو عوام دشمن کہا تھا، پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کے لیے آگے بڑھ رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے مطابق آئی ایم ایف ان سے خوش ہے، حکومت اپنی کارکردگی سے متعلق ملک کے عوام سے پوچھے تو حقیقت سامنے آجائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ مشیر اور وزیر موڈیز، بلومبرگ سے نہ پوچھیں معیشت کا پاکستان کے عوام سے پوچھیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے فیصلے سے خوش نہیں، ایم کیو ایم نے عوامی مرضی کے خلاف وفاقی حکومت میں شمولیت اختیار کی۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ گجرات کے عوام بھی وفاقی حکومت میں شمولیت پر خوش نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں سے بھی کہتا ہوں کہ انتخابات میں عوام ہم سے بھی پوچھیں گے کہ جب ہم مہنگائی کے سونامی ڈوب رہے تھے، تب کہاں تھے؟
پی پی چیئرمین نے پیشکش کی کہ وہ غریب عوام کے لیے ہر سیاسی جماعت کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں، ملکی معاشی صورتحال کو عوام کے سامنے لانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 6 پر ایک شاندار عدالتی فیصلہ آیا تھا، ایک آمر کو غدار قرار دیا گیا، غدار غدار ہوتا ہے، اس کی تعریف میں تبدیلی نہیں آسکتی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ صحافیوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے، کہانی عزیز میمن کے قتل پر ختم نہیں ہوجاتی، صحافی کے قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ ہوا تو ضرور بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کو اپنے والد کی عیادت کے لیے جانے کی اجازت ملنی چاہیے۔