• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، بحری جہاز کی منتقلی کے خلاف احتجاجی مزدور پُر امن منتشر

کیماڑی میں جان لیوا آلودگی کا سبب قرار دیے گئے بحری جہاز ’ہرکیولیس‘ کی کراچی بندرگاہ سے پورٹ قاسم منتقلی کے خلاف کے پی ٹی کی مزدور یونین سڑک پر آگئی، یونائیٹڈ لیبر فرنٹ کے رہنماؤں کی قیادت میں کراچی پورٹ پر کام کرنے والے مزدوروں نے کراچی بندر گاہ کے باہر مرکزی شاہراہ پر احتجاج کیا۔

جلوس کے شرکاء میری ویدر ٹاور پر واقع کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ہیڈ آفس سے جلوس کی شکل میں نمودار ہوئے۔ ڈھائی ہزار سے زائد مزدور کے پی ٹی سے روانہ ہوکر نیٹی جیٹی پل پر پہنچے جہاں کافی دیر تک احتجاج کرنے کے بعد منتشر ہوگئے۔ 

پولیس ذرائع کے مطابق ان مزدوروں کے مختلف مطالبات ہیں لیکن مرکزی مطالبہ سویابین لے کر آنے والے بحری جہاز ہرکولیس کی کراچی بندرگاہ سے روانگی روکنا ہے۔ 

احتجاج کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے فیصلے مزدور دشمنی اور خاندانوں کی فاقہ کشی کے مترادف ہیں۔

کیماڑی میں 14 افراد کی ہلاکت اور سینکڑوں کے متاثر ہونے کا سبب بننے والی آلودگی کے بارے میں کہا جا رہا تھا کہ وہ جہاز سے سویابین اتارنے کے دوران پیدا ہو رہی تھی اور پیدا ہونے والی زہریلی ڈسٹ ہوا کے ساتھ شامل ہوکر پورٹ سے جڑے کیماڑی کے علاقوں کو متاثر کر رہی تھی۔ 

اس آلودگی اور جانی نقصان کے خلاف کیماڑی کے مکینوں اور تاجروں نے بھی دو روز قبل احتجاج کیا تھا۔ جس پر 15 فروری سے لنگر انداز بحری جہاز ہرکولیس کو پورٹ قاسم منتقل کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ 

مختلف وجوہات کا بہانہ بنا کر کے پی ٹی سے ہرکولیس کو تو تین دن میں برتھ سے نہیں ہٹایا گیا البتہ آج کے پی ٹی کی مزدور یونینز جہاز کو منتقل کرنے کے فیصلے کے خلاف سامنے آگئی۔ 

مظاہرین نے بندرگاہ تک جانے والا راستہ بند کرکے دو گھنٹے تک جناح فلائی اوور اور مرکزی شاہراہ پر مظاہرین احتجاج کیا اور پھر پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

تازہ ترین