• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیرن سیمی کو پاکستانی شہریت دینے کا اعلان


ویسٹ انڈین کرکٹر ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت 23 مارچ کو ملے گی، جس کے بعد وہ پاکستانی شہری بھی کہلائے جائیں گے۔

حکومت پاکستان نے ویسٹ انڈین کرکٹر ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت دینے کا فیصلہ کرلیا، پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ڈیرن سیمی کو صدر مملکت 23 مارچ کو پاکستان کی اعزازی شہریت اور پاکستان کا سب سے بڑا سول اعزاز دیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت عارف علوی 23 مارچ کو ڈیرن سیمی کو پاکستان کا اعلی ترین سول اعزاز ’نشان پاکستان‘ اور پاکستان کی اعزازی شہریت دیں گے، یہ فیصلہ ڈیرن سیمی کی پاکستان کرکٹ کیلئے خدمات کے اعتراف میں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ڈیرن سیمی پاکستان آنے پر راضی ہونے والے ابتدائی کھلاڑیوں میں سے ایک تھے اور انہوں نے دنیا میں پاکستان کو کرکٹ کیلئے ایک محفوظ ملک قرار دینے کی مہم میں اہم کردار ادا کیا۔

ڈیرن سیمی کی پی ایس ایل ٹیم پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ سے کہا تھا کہ سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت دینے کی درخواست صدر مملکت کی ٹیبل پر موجود ہے ، اس موقع پر انہوں نے پی سی بی چیئرمین احسان مانی سے درخواست کی تھی کہ وہ صدر مملکت سے اس کی منظوری کی سفارش کریں۔

جیو سے گفتگو میں جاوید آفریدی نے کہا کہ سیمی پاکستان میں سب سے مقبول غیر ملکی ہیں اور ان کی پاکستان کیلئے خدمات قابل قدر ہیں۔

جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ سیمی نے یہ سب کچھ کسی ذاتی مفاد کیلئے نہیں کیا بلکہ ان کی پاکستان سے محبت خالص ہے، اس فیصلے سے ہر کسی کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

دوسری جانب ڈیرن سیمی نے کراچی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ انہیں پاکستان سے محبت کیلئے یہاں کے پاسپورٹ کی ضرورت نہیں، اچھی بات ہے کہ ان کے کام کا اعتراف کیا جارہا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آج کرکٹ کی جو واپسی ہوئی ہے اس میں ہر اس کرکٹر کا کردار ہے جس نے پچھلے 3 سال کے دوران یہاں کا دورہ کیا۔

سیمی کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان کیلئے جو کچھ کیا وہ ان کی یہاں کے عوام سے لگاؤ اور یہاں سے ملنے والی محبت کا نتیجہ تھا۔

تازہ ترین