گزشتہ دنوں پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید نے گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد بن فیصل آل سعود سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستانی مشن اور مملکت میں پاکستانی کمیونٹی کو دی جانے والی تمام سہولیات پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ شہزادہ خالد بن فیصل نے قونصل جنرل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات انتہائی خوشگوار ہیں اور یہ خواص سے لے کر عوام تک پھیلے ہوئے ہیں۔
ملاقات کے بعد قونصل پریس ارشد منیر نے بتایا کہ پاکستانی قونصل جنرل اور گورنر مکہ کے درمیان پاکستانی برادری سے متعلق اموراور آیندہ حج انتظامات بھی زیرغور آئے۔ قونصل جنرل نے گورنر مکہ کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔ آخر میں خالد مجید نے شاہ فیصل سے منسوب فیصل مسجد اسلام آباد کی ایک پینٹنگ بھی گورنر مکہ کو پیش کی۔