• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

BRT،خیبرپختونخوا حکومت کاPDA کو اراضی کی اضافی قیمت دینے سے انکار

پشاور(گلزار محمد خان) کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کے بعد پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بھی بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ BRT پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے منصوبہ کیلئے فراہم کردہ 30کنال اراضی کے عوض 5040ملین روپے کی ادائیگی کا مطالبہ کردیا تاہم صوبائی حکومت نے پی ڈی اے کو ادائیگی سے انکار کرتے ہوئے سمری مسترد کردی ۔ محکمہ بلدیات خیبر پختونخوا کی جانب سے صوبائی اسمبلی میں جمع کردہ تحریری دستاویز میں کہا گیا ہے کہ پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے حیات آباد میں BRTمنصوبہ کیلئے30کنال اراضی دی ہے تاہم صوبائی حکومت نے ابھی تک اس کی ادائیگی نہیں کی ہے چنانچہ پی ڈی اے نے اس ضمن میں صوبائی حکومت کو ایک سمری ارسال کی ہے جس میں بقایاجات کی عدم ادائیگی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے ، سمری میں کہا گیا ہے کہ BRTکیلئے فراہم کردہ مذکورہ اراضی کی فی کنال قیمت168ملین روپےہے اسطرح 30کنال اراضی کی قیمت5040ملین روپے بنتی ہے، محکمہ بلدیات کی جانب سے فراہم کردہ تحریری دستاویزمیں کہاگیا ہے کہ صوبائی حکومت نے سمری نامنظور کرتے ہوئے پشاور ڈویلپمنٹ کو ادائیگی سے انکار کردیا ہے، اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے ’’ جنگ‘‘ کو بتایا ہے کہ پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی اراضی بھی بنیادی طور پر صوبائی حکومت کی ملکیت ہے تاہم اب یہ اراضی محکمہ ٹرانسپورٹ کے پاس چلی گئی ہے اسلئے پی ڈی اے اراضی کی قیمت کے حصول کیلئے دوبارہ حکومت کو سمری ارسال کرے گی ،واضح رہے کہ اس سے قبل کنٹونمنٹ بورڈ پشاور نے معاہدہ کے مطابق صوبائی حکومت سے3ارب24کروڑ روپے کے بقایاجات فوری طورپر ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ بقایاجات کی عدم ادائیگی کی صورت میں کینٹ ایریاز میںBRTبسیں چلانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
تازہ ترین