سیالکوٹ(نمائندہ جنگ) سیالکوٹ میں برتن سازی ، پالش اور چمڑا رنگائی کے کارخانوں میں مناسب حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث فضائی اور ماحولیاتی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہو تا جارہا ہے۔ برتن سازی پالش، چمڑا رنگائی، آلات جراحی کی ڈھلائی، دھلائی میں استعمال ہو نے والے کیمیکل سے نکلنے والے تیزابی دھواں، ماحولیاتی آلودگی پیدا کرنے کا بڑا سبب بن رہا ہے جس سے فیکٹریوں میں کام کرنے والے کاریگروں اور ملحقہ علاقہ کے لوگوں میں سانس، دمے اور ٹی بی کے علاوہ پھیپھڑوں کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں جبکہ کیمیکل کے فاضل مادوں کو بغیر حفاظتی اقدامات کئے فیکٹریوں سے خارج کردیا جاتا ہے جو کہ زرعی زمین کو بنجر کرنے کے علاوہ وہاں پیدا ہونے والی سبزیوں، فصلوں کو مضر صحت بنا رہے ہیں۔ کاربن ڈائی اکسائیڈ کی فضا میں بڑھتی ہوئی شرح کی وجہ سے موسم کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔