شائقین کرکٹ کی پُر زور فرمائش پر علی ظفر کی جانب سےتیار کیے گئے ترانے ’میلہ لوٹ لیا‘ نے ریلیز ہوتے ہی تہلکہ مچا دیا۔
پی ایس ایل کی مناسبت سے تیار کئے گئے ترانے نے کچھ ہی منٹس میں یوٹیوب پر کسی بھی ویڈیو کے سب سے زیادہ ویوز کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
ایک ہفتے کے مختصر وقت میں علی ظفر نے مداحوں کے پُر زور اصرار پر ترانہ بنانے کی حامی بھری تھی۔
ریلیز کرنے کے بعد مداحوں کی جانب سے مثبت ردعمل سامنے آرہا ہے، ’میلہ لُوٹ لیا‘ مداحوں کو متاثر کرنے میں کافی حد تک کامیاب رہا ہے۔
ویڈیو شیئر کرتے ہوئے علی ظفر کا کہنا تھا کہ ’بھائی نے اپنا وعدہ پورا کیا صرف فینز کے لیے۔‘
یاد رہے کہ ویڈیو میں شامل ہونے کے لیے علی ظفر نے اپنے مداحوں کو بھی دعوت دی تھی، علی ظفر کی جانب سے بتائے گئے ڈانس اسٹیپس پر عمل کرتے ہوئے دنیا بھر سے مداحوں کی بڑی تعداد نے ویڈیوز بھیجیں۔
مداحوں کی جانب سے بھیجی گئیں ویڈیوز کو علی ظفر نے کمال مہارت سے اپنی ویڈیو میں جگہ دی۔
ترانے کی ریلیز سے پہلے ہی علی ظفر کے مداحوں کو اس کا بے صبری سے انتظار تھا، سوشل میڈیا صارفین مختلف ٹرینڈز کے زریعے ترانے پر اپنا ردعمل دے رہے تھے۔
اسی وجہ سے علی ظفر ناصرف پاکستان بلکہ متحدہ عرب امارات کے ٹرینڈ پینل پر سر فہرست ٹرینڈز میں موجود تھے۔
فیصل کپاڈیہ نے پاکستان کے ٹوئٹر ٹرینڈ پینل کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میلہ لوٹ لیا‘ نے یوٹیوب پر محض 2 گھنٹوں میں 10 لاکھ ویوذ حاصل کر کے تاریخ رقم کردی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے رواں سیزن کا آفیشل ترانہ ’تیار ہیں‘ شائقین کرکٹ کو متاثر کرنے میں ناکام رہا تھا، شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد نے پی ایس ایل کے پہلے دوسرے اور تیسرے سیزن کا ترانہ تیار کرنے والے علی ظفر سے ترانے کی پُرزور فرمائش کی تھی۔