وزیرِ بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے غیر قانون تعمیرات پر سخت ایکشن لینے کا عزم ظاہر کردیا۔
اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ اس وقت تمام توجہ ریسکیو آپریشن اور ملبے میں دبے افراد کو جلد از جلد نکالنے پر ہے۔
ناصر شاہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ غیر قانونی تعمیرات پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ جمعرات کی صبح (5 مارچ کو) کراچی کے علاقے گولیمار نمبر 2 میں تین رہائشی عمارتیں گرگئی تھیں جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 10 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق عمارتیں 40 ، 40 گز کے 3 پلاٹس پر بنی ہوئی تھیں، جن میں سے ایک عمارت مکمل طور پر گر گئی جبکہ 2 عمارتوں کا بیشتر حصہ زمین بوس ہوگیا۔
اس حوالے سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر آشکار داور کا کہنا تھا کہ گولیمار میں گرنے والی عمارت غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تھی۔
ادھر تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ پہلے غیرقانونی تعمیرات کی اجازت دینے والوں کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی۔