پشاور زلمی کی انتظامیہ نے ڈیرن سیمی کو دوران ایونٹ ہی ٹیم کی کپتانی سے ہٹا کر کوچ بنادیا، ٹیم کی قیادت وہاب ریاض کے سپرد کردی گئی ہے جبکہ محمد اکرم کو ہیڈ کوچ کے عہدے سے ہٹا کر ڈائریکٹر کرکٹ بنادیا گیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ڈیرن سیمی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
محمد اکرم کا کہنا تھا کہ ڈیرن سیمی کو آئندہ 2 سال کے لیے پشاور زلمی کا کوچ بنادیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈیرن سیمی کوچ اور کھلاڑی کی طور پر کام کریں گے۔
محمد اکرم کا کہنا تھا کہ ڈیرن سیمی نے آج سے ہی کوچ کا چارج سنبھال لیا ہے۔
سابق ہیڈ کوچ نے کہا کہ ڈیرن سیمی کے ساتھ بہترین وقت گزر رہا ہے، ان کی پشاور زلمی کے ساتھ بطور کپتان خدمات شاندار ہیں۔
محمد اکرم نے یہ بھی کہا کہ ڈیرن سیمی کے ساتھ پاکستانی محبت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیرن سیمی کا پشاور زلمی کے ساتھ پانچواں سیزن ہے، یہ اب پیشاور زلمی کے نئے ہیڈ کوچ ہیں۔
محمد اکرم نے بتایا کہ وہاب ریاض پشاور زلمی کے نئے کپتان ہوں گے اور آئندہ تمام میچز میں وہی کپتانی کریں گے، جبکہ ڈیرن سیمی پشاور زلمی کے لیے بطور کھلاڑی بھی کھیلیں گے۔
اب نوجوان کھلاڑیوں کو آگے آتا دیکھنا چاہتا ہوں، ڈیرن سیمی
اس پریس کانفرنس کے دوران ہی پشاور زلمی کے نئے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے ایک علیحدہ موقف پیش کیا اور کہا کہ وہ اب ٹورنامنٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کو آگے آتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
پشاور زلمی کے نئے ہیڈ کو کوچ ڈیرن سیمی نے کہا کہ انہوں نے پشاور زلمی کے ساتھ شاندار وقت گزارا۔
ڈیرن سیمی نے اعتراف کیا کہ وہ گزشتہ دو سیزن کے دوران مکمل فٹ نہیں رہے جبکہ رواں سیزن بھی ان کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل ڈیرن سیمی کے ایک ٹوئٹ کی وجہ سے یہ ابہام پیدا ہوگیا تھا کہ ان کے اور فرنچائز اونر جاوید آفریدی کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔
تاہم ڈیرن سیمی نے ایک اور ٹوئٹ کرکے یہ واضح کر دیا تھا کہ ان کے اور جاوید آفریدی کے درمیان کوئی نہیں آسکتا۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ جاوید آفریدی سے اپنے سگے بھائیوں کی طرح محبت رکھتے ہیں۔
تاہم اب پریس کانفرنس کے دوران ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ ’اب وقت آگیا ہے کہ میں ٹیم کو مختلف رول میں لیڈ کروں۔‘
نئے کوچ نے یہ بھی کہا کہ مجھے کوچنگ اسٹاف کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔
انہوں نے آج پشاور زلمی کے ساتھ اپنے میچ کو آخری میچ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’آج میں شاید پشاور زلمی کے لیے بطور کھلاڑی آخری مرتبہ کھیلوں۔‘
ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ اب ان کے پاس ان ہی کو منتخب کرنے اور نہ کرنے کا اختیار ہوگا۔
بطور کھلاڑی اپنے کیریئر سے متعلق بات کرتے ہوئے ڈیرن سیمی نے کہا کہ ان کا ہر لمحہ چیلنج سے بھرپور رہا، آخری 2 سال کھیل کے دوران ان فٹ بھی ہوا۔
ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ اچھا کھیلنے کی کوشش کی اور کھلاڑیوں سے بھی کہا کہ ہمیشہ ٹیم کے لیے اچھا کھیلیں۔
کوچ پشاور زلمی کا کہنا تھا کہ مجھ سے پوچھا جاتا ہے کہ آپ کا بہترین کوچ کون رہا میرا جواب ہوتا ہے محمد اکرم۔
ڈیرن سیمی نے واضح کیا کہ اب ٹورنامنٹ میں نوجوان کھلاڑیوں کو آگے آتا دیکھنا چاہتا ہوں۔
واضح رہے کہ پشاور زلمی کی کپتانی مستقل طور پر وہاب ریاض کے سپرد کر دی گئی ہے جبکہ محمد اکرم ڈائریکٹر کرکٹ اور بولنگ کوچ کے طور پر کام کریں گے۔