• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کے خطرے کے باعث اسٹیڈیم خالی: رونالڈو میچ سے قبل علامتی طور پر ہاتھ ہلاتے رہے

کورونا کے خطرے کے باعث اسٹیڈیم خالی: رونالڈو میچ سے قبل علامتی طور پر ہاتھ ہلاتے رہے


دنیا بھر میں پھیلنے والے کورونا وائرس نے جہاں ہر طرح کی سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے وہاں سب سے زیادہ کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔

کورونا وائرس انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہوجاتا ہے جس کے باعث مختلف ممالک میں عوامی اجتماعات پر پابندیاں عائد کی جارہی ہیں جس کا سب سے بڑا اثر کھیلوں کے میدانوں پر پڑ رہا ہے۔

مزید پڑھیے: روم، کورونا وائرس کے باعث فارمولا ای ریس ملتوی

اٹلی میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے اٹالین سیری اے کے میچ کے دوران یووینٹس اور انٹرمیلان کا میچ خالی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

اس میچ میں شرکت کے لیے آنے کے لیے یووینٹس کے کھلاڑی اور اسٹار فٹبالر جب گاڑی سے اترے تو اسٹیڈیم کے داخلی راستے پر کوئی تماشائی موجود نہیں تھا تاہم انہوں نے فرضی طور پر مداحوں سے ہاتھ ملایا۔

واضح رہے کہ جب ٹیمیں اسٹیڈیم پہنچتی ہیں تو داخلی راستوں پر مداحوں کا ایک ہجوم ہوتا ہے جہاں کھلاڑی اپنے مداحوں کو آٹوگراف دیتے ہیں، ان سے ہاتھ ملاتے ہیں اور کبھی کبھار چلتے چلتے ان کے ساتھ سیلفی بھی بنواتے ہیں۔

یووینٹس اور انٹرمیلان کے درمیان میچ کے لیے اسٹیڈیم میں ایک بھی شائق موجود نہیں تھا، تاہم صرف ٹیم انتظامیہ اور اسٹیڈیم انتظامیہ کی موجودگی میں میچ کھیلا گیا۔

میچ کے دوران کرسٹیانو رونالڈو علامتی انداز میں شائقین کی داد وصول کرنے کے بعد شکریہ کے طور پر تالیاں بھی بجاتے رہے۔

واضح رہے کہ اٹلی کی حکومت نے یہ اعلان کیا ہے کہ ملک کے مختلف مقامات کو قرنطینہ بناتے ہوئے کھیلوں کی سرگرمیاں ’بند دروازوں‘ (خالی اسٹیڈیم) میں ہوں گی اور تماشائیوں پر اسٹیڈیم آنے پر پابندی ہوگی، تاہم یہ میچز ٹیلی ویژن پر ٹیلی کاسٹ کیے جائیں گے۔

دوسری جانب انٹر میلان کے صدر اسٹیون زینگ نے بند دروازہ سرگرمیوں کی حمایت کرتے ہوئے اسے حکومت کا اچھا اقدام قرار دیا ہے۔

انہوں نے غیر ملکی نشریاتی ادارے سے بات جیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں فٹبال کلب کے ایک صدر کے طور پر اطالوی حکومت کے اس فیصلے کو قبول کرتا ہوں، کیونکہ ہم کھیلوں کی وجہ سے کسی کی زندگی کو خطرے میں نہیں ڈال سکتے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم حکومت کی اس تجویز کو مسترد بھی کرسکتے تھے، لیکن ہم نے وہی کیا جو اخلاقی طور پر بالکل درست تھا کیونکہ اس موقع پر انکار کرنا بہت ہی مشکل تھا۔

تازہ ترین