پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں اس وقت لاہور قلندرز کے بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے آسٹریلوی وکٹ کیپر بیٹسمین بین ڈنک کے چھکوں کا چرچا ہے۔
بین ڈنک نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف دس چھکوں کے ساتھ ریکارڈ قائم کیا تو پھر کراچی کنگز کے خلاف میچ میں بارہ چھکوں کے ساتھ نیا ریکارڈ قائم کر دیا، بین ڈنک نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں چھکے مارنے کے راز کے بارے میں بتا دیا ہے۔
بین ڈنک کا کہنا ہے کہ انہیں چھکے مارنا پسند ہے، کیونکہ اس میں کم انرجی کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ وکٹوں کے درمیان بھاگنےلیے زیادہ انرجی درکار ہو تی ہے، میرا فوکس جیت پر ہوتا ہے، اور جیت میں کسی بھی کھلاڑی کا کردار ہو سکتا ہے۔ ٹیم کی اچھی کارکردگی میں صرف میرے چھکے بھی شامل نہیں ہیں دوسرے کھلاڑیوں نے بھی اچھا پرفارم کیا ہے، لاہور قلندرز کی ٹیم آج اہم میچ پشاور زلمی کے خلاف کھیل رہی ہے۔
بین ڈنک کہتے ہیں کہ مجھے لگتا ہے کہ میں مزید چھکے بھی مار سکوں گا لیکن اس وقت فوکس جیت پر ہے، لاہور قلندرز کی ٹیم کو ابھی جیت کی ضرورت ہے تاکہ آگے بڑھ سکیں۔
بین ڈنک کے چھکوں کے ساتھ ساتھ چیوگم چبانا اور ببل بنانا بھی بہت مقبول ہو چکا ہے، بین ڈنک کہتے ہیں کہ ببل بنانے کے لیے بہت پریکٹس کی ہے، میں تو ایسا گراونڈ میں پر سکون رہنے کے لیئے کرتا ہوں لیکن میری والدہ کو ببل بنا اپسند نہیں ہے۔ مجھے اب ببل بنانا چھوڑ دینا چاہیے۔
بین ڈنک کل اپنی 33 ویں سالگرہ منائیں گے، وہ آسٹریلیا کی جانب سے صرف پانچ ٹی ٹونٹی میچز ہی کھیل سکے ہیں، بین ڈنک کا کہنا ہے کہ میں اتنا خوش قسمت نہیں رہا کہ آسٹریلیا کی جانب سے زیادہ کھیل سکوں میں جہاں بھی کھیل رہا ہوں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔
آسٹریلیا کی ٹیم میں اس وقت اچھے کھلاڑی ہیں لیکن اپنی پرفارمنس جاری رکھوں گا۔ مجھے نیشنل ٹیم کی جانب سے کھیلنا اچھا لگے گا، اس برس آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ آسٹریلیا میں کھیلا جا رہا ہے۔
بین ڈنک کا کہنا ہے کہ اپنے ملک میں ورلڈ کپ کھیلنا ہر کھلاڑی چاہتا ہے ابھی حال ہی میں ویمنز ورلڈ کپ کھیلا گیا۔
فائنل دیکھنے کے لیے 85ہزار سے زائد شائقین کرکٹ اسٹیڈیم آئے، میں بھی اپنے ملک میں ہونے والے ورلڈ کپ میں کھیلنا چاہوں گا، میرا بھی دل چاپتا ہے لیکن اس وقت میری توجہ یہاں ہونے والے میچز پر ہے کہ ہم آئندہ میچز میں بھی اچھا کھیلیں اور ٹرافی جیتیں۔