• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواجہ برادران کی ضمانت پر شہباز شریف کا اظہارِ تشکر

مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے نون لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کی ضمانت منظور ہونے پر تشکر کا اظہار کیا ہے۔

لندن سے جاری کیے گئے ایک بیان میں میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈیڑھ سال سے زیادہ عرصے تک قیدِ ناحق گزارنے والے بے گناہوں کو آج انصاف ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق ایک عظیم والد کے عظیم فرزند ہیں، اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ بے گناہ آخر کار انصاف سے ہم کنار ہو رہے ہیں۔

صدر مسلم لیگ نون نے کہا کہ عدلیہ نے آج نیب کی نیت اور صلاحیت کے بارے میں جو کچھ کہا ہے اس کے بعدمزید کہنے کی ضرورت نہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: شہباز شریف کی حکومت کو چین سے مشاورت کی تجویز

انہوںنے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کو خود سوچنا ہوگا کہ اس کے پاس کیا رہ گیا ہے؟ ایک قومی ادارے کو کیا بنا دیا گیا ہے؟

میاں شہباز شریف نے مزید کہا کہ خواجہ برادران جیسے سیاسی قائدین کسی بھی جماعت، معاشرے اور ملک کا بیش قیمت اثاثہ ہوتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان عظیم ساتھیوں نے نہایت درد مندی، محنت اور ایمانداری سے ملک و قوم کی مثالی خدمت کی، دعا ہے کہ ناحق قید ہر بے گناہ کو رہائی ملے۔

تازہ ترین