• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کا مشتبہ مریض اسپتال کی ساتویں منزل سے کود گیا

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ایک شخص نے کورونا وائرس کے شبے کی وجہ سے اسپتال کی ساتویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک 35 سالہ بھارتی شخص سڈنی سے سفر کرکے بھارت آیا تھا جسے ایئر پورٹ حکام نے کورونا وائرس کے شبے میں نئی دہلی کے ایک اسپتال منتقل کردیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اسپتال انتظامیہ نے اُس شخص کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے اور ایئر پورٹ حکام کے کہنے پر اُس شخص کو قرنطینہ میں رکھ دیا تھا۔

اسپتال ذرائع کے مطابق بھارتی شخص کو صبح 9 بجے اسپتال لایا گیا تھا اور جب اُس کو قرنطینہ میں رکھا گیا تو اُس شخص نے کورونا وائرس کے ڈر سے قرنطینہ وارڈ کا زبردستی دروازہ کھولا اور اسپتال کی ساتویں منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔

بھارتی پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ اِس شخص کا تعلق بھارت کی ریاست پنجاب سے ہے اور یہ شخص گزشتہ ایک سال سے سڈنی گیا ہوا تھا۔

اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لیے اس شخص کے جو نمونے لیے گئے تھے اُس کو لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے اور اب رپورٹس کے آنے کا انتظار ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق اب تک بھارت میں کورونا وائرس کے 172 کیسز سامنے آگئے ہیں۔

تازہ ترین